’میں نے پیسے لوگوں میں بانٹ دیے، اب میں ہی جیتوں گا الیکشن‘

مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کے پیش نظر سبھی امیدوار انتخابی تشہیر میں مصروف ہیں۔ اس درمیان فڑنویس حکومت میں وزیر ببن راؤ نے برسرعام پیسے تقسیم کرنے کی بات کہی جس پر انھیں الیکشن کمیشن نے نوٹس بھیج دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں اسمبلی الیکشن کی تاریخ بہت قریب ہے اور سبھی پارٹیوں کے امیدوار ووٹروں کو لبھانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ اس درمیان ایک بی جے پی امیدوار نے ایسا بیان دیا ہے جو سرخیوں میں ہے اور الیکشن کمیشن نے انھیں نوٹس تک جاری کر دیا ہے۔ دراصل فڑنویس حکومت میں وزیر اور بی جے پی امیدوار ببن راؤ لونیکر نے انتخابی تشہیر کے دوران برسرعام یہ بات کہہ دی کہ وہ اپنی جیت کو لے کر پراعتماد ہیں کیونکہ عوام کے درمیان انھوں نے پیسے تقسیم کر دیے ہیں۔ ببن راؤ کے اس بیان پر الیکشن کمیشن نے انھیں نوٹس جاری کر دیا ہے۔الیکشن افسر نے نوٹس جاری کر ان سے بیان پر صفائی مانگی ہے۔

ذرائع کے مطابق ببن راؤ نے گزشتہ دنوں کیمرے کے سامنے مبینہ طور پر یہ بیان دیا تھا کہ انھیں الیکشن جیتنے میں کوئی پریشانی نہیں ہونے والی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے وضاحت پیش کرتے ہوئے یہ بھی کہہ دیا تھا کہ انھوں نے علاقے کے لوگوں کے درمیان پیسے تقسیم کر دیے ہیں اس لیے اب وہ جیت کو لے کر مطمئن ہیں۔ ببن راؤ کا یہی بیان ان کے لیے مصیبت بنتا ہوا نظر آ رہا ہے۔بی جے پی امیدوار کے خلاف الیکشن کمیشن نے نوٹس جمعرات کو جاری کیا ہے۔


اس سلسلے میں ببن راؤ سے جب میڈیا نے سوال کیا تو انھوں نے اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیسے تقسیم کرنے کی ان کی بات کو لوگوں نے غلط طریقے سے لے لیا ہے۔بی جے پی امیدوار نے کہا کہ ’’پیسے تقسیم کرنے کا مطلب یہ تھا کہ ڈیولپمنٹ کے لیے پیسے دیے گئے، ووٹ لینے کے لیے پیسے تقسیم کیے جانے کی بات میں نے نہیں کہی۔‘‘

بہر حال، ببن راؤ کے ذریعہ پیسے تقسیم کیے جانے سے متعلق بیان دیے جانے کے بعد ان کا ویڈیو کافی وائرل ہوا تھا۔ اسی ویڈیو کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لیا اور ببن راؤ سے وضاحت طلب کی۔ اپوزیشن پارٹیاں ببن راؤ کے اس بیان کی پرزور مخالفت کر رہی ہیں۔


ریاست میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے ریاستی وزیر ببن راؤ لونیکر کے مذکورہ بیان کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے ان کی امیدواری رد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ بی جے پی امیدوار کا بیان انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ مہاراشٹر کانگریس کے نائب صدر رتناکر مہاجن نے الیکشن کمیشن کو ایک خط لکھ کر اس سلسلے میں شکایت بھی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ببن راؤ کے بیان سے واضح ہو رہا ہےکہ وزیر الیکشن جیتنے کے لیے کس طرح پیسے تقسیم کر رہے ہیں اور بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ رتناکر مہاجن نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی معاملہ میں ان پر کیس درج کرنا چاہیے اور ان کی امیدواری رَد کر دینی چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Oct 2019, 10:55 AM