مدھیہ پردیش میں سرکاری ملازمتوں کے لیے دو بچوں کی شرط ختم، زیر التوا کارروائیاں بھی ہوں گی بند

مدھیہ پردیش حکومت نے سرکاری ملازمتوں کے لیے دو بچوں کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تیسرے بچے کی بنیاد پر ملازمین کے خلاف جاری محکمہ جاتی کارروائیاں بھی ختم کی جائیں گی

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر / اے&nbsp;آئی</p></div>
i

بھوپال: مدھیہ پردیش میں سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے لیے دو بچوں کی لازمی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ ریاستی کابینہ نے اس سلسلے میں سول سروس قوانین میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد دو سے زیادہ بچے ہونے کی بنیاد پر نہ تو کسی امیدوار کو سرکاری ملازمت کے لیے نااہل قرار دیا جائے گا اور نہ ہی پہلے سے ملازمت کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف تیسرے بچے کی پیدائش پر کوئی تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

یہ فیصلہ بدھ کو مندسور ضلع کے گاندھی ساگر ڈیم احاطے میں وزیر اعلیٰ موہن یادو کی صدارت میں منعقدہ کابینہ کی میٹنگ میں کیا گیا۔ میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ جب معاشرے کے دیگر افراد کے لیے دو سے زیادہ بچے ہونے پر کوئی پابندی نہیں ہے تو صرف سرکاری ملازمین پر یہ شرط کیوں عائد کی جائے۔

کابینہ نے محکمہ عمومی انتظامیہ کے سول سروس رولز 1961 میں ترمیم کی تجویز منظور کی ہے۔ اس کے تحت براہ راست بھرتی اور محکمہ جاتی تقرریوں میں دو سے زیادہ بچوں کی شرط کو نااہلی کی بنیاد نہیں بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ پہلے سے ملازمت کرنے والے ملازمین کو بھی تیسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے ملازمت سے برطرف نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ان کے خلاف مدھیہ پردیش سول سروس (کنڈکٹ) رولز 1965 کے تحت کوئی تادیبی کارروائی ہوگی۔

مدھیہ پردیش میں یہ پابندی 26 جنوری 2001 کو اس وقت کی دگ وجے سنگھ حکومت نے آبادی پر قابو پانے کی پالیسی کے تحت نافذ کی تھی۔ اس قانون کے مطابق دو سے زیادہ زندہ بچوں والے افراد سرکاری ملازمت کے اہل نہیں تھے، جبکہ ملازمت کے دوران تیسرے بچے کی پیدائش کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا تھا۔


نئے فیصلے سے ریاست کے مختلف محکموں میں زیر التوا تقریباً 8 ہزار سے 10 ہزار معاملات متاثر ہوں گے۔ ان میں سب سے زیادہ معاملات اسکولی تعلیم، اعلیٰ تعلیم، صحت اور طبی تعلیم کے محکموں سے متعلق ہیں۔ صرف اسکولی تعلیم کے شعبے میں 30 ہزار سے زیادہ اساتذہ کو اس فیصلے سے فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔

حکومت کے مطابق تیسرے بچے کی بنیاد پر ملازمین کے خلاف جاری تمام زیر التوا محکمہ جاتی تحقیقات اور تادیبی کارروائیاں ختم کر دی جائیں گی۔ تاہم، ایسے معاملات جن میں 2001 کے بعد حتمی احکامات جاری ہو چکے ہیں یا ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا جا چکا ہے، دوبارہ نہیں کھولے جائیں گے۔

اس پالیسی میں تبدیلی کے پس منظر میں آبادی اور شرح پیدائش سے متعلق بحث کو بھی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ رواں سال فروری میں آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے گرتی ہوئی شرح پیدائش پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سماج کے تسلسل کے لیے فی خاندان اوسطاً تین بچوں کا ہونا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ مدھیہ پردیش سے پہلے راجستھان نے مئی 2016 اور چھتیس گڑھ نے جولائی 2017 میں سرکاری ملازمتوں کے لیے دو بچوں کی پابندی ختم کر دی تھی۔ آندھرا پردیش نے بھی تیسرے بچے کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کے لیے مالی ترغیبات دینے کا اعلان کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔