مدھیہ پردیش: بارش کے دوران ضلع جیل کی دیوار منہدم، 22 قیدی زخمی، 2 کی حالت نازک

بھنڈ: مدھیہ پردیش کے بھنڈ ضلع ہیڈ کوارٹر جیل کمپلکس کی دیوار گرنے کے سبب ہفتہ کی صبح 22 قیدی زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے

تصویر این ڈی ٹی وی
تصویر این ڈی ٹی وی
user

قومی آوازبیورو

بھنڈ: مدھیہ پردیش کے ضلع بھِنڈ میں ہفتہ کی صبح اس وقت ایک بڑا حادثہ پیش آیا جب ضلع جیل کی ایک خستہ حال دیوار موسلادھار بارشوں کے دوران بھربھرا کر گر گئی۔ اس سے بیرک نمبر 6 میں قید 22 قیدی زخمی ہو گئے، جن میں سے 2 کی حال نازک بتائی جا رہی ہے۔

جیل ذرائع نے کہا کہ صبح تقریباً ساڑھے پانچ بجے جیل کی ایک بیرک کی دیوار اچانک گر گئی۔ جس وقت حادثہ پیش آیا بیرک نمبر 6 میں کل 64 قیدی موجود تھے، تاہم ان میں سے 22 قیدی ملبے کی زد میں آ گئے۔ زخمی ہونے والے تمام قیدیوں کو علاج کے لئے ضلع اسپتال بھیجا گیا ہے، جبکہ دو قیدیوں کو سنگین حالت کے پیش نظر گوالیار کے لئے منتقل کیا گیا ہے۔


خیال رہے کہ ضلع میں دو دنوں سے مسلسل بارش ہورہی ہے۔ سمجھا جارہا ہے کہ جیل احاطے کی عمارت پرانی ہونے کے سبب اس کی دیوار گری ہے۔ جائے واقعہ شہر کے کوتوالی تھانہ علاقے میں واقع ہے اور اطلاع ملنے پر جیل اور ضلع کلکٹر، ایس پی اور تمام اعلیٰ افسران موقع پر پہنچے اور حالات کا جائزہ لیا۔

جیل کے مطابق صبح تقریباً 5 بجے بیرک نمبر 7 کا پلاسٹر گرنے لگا تھا۔ اس کی اطلاع فوری طور پر اعلیٰ افسران کو دی گئی لیکن تھوڑی دیر بعد ہی بیرک نمبر 6 کی دیوار اور چھت بھربھرا کر گر گئی۔ یہ دیوار 150 سال پرانی تھی۔ بھنڈ کے ایس پی اور کلکٹر نے بتایا کہ بھنڈ جیل میں کل 255 قیدی بند ہیں اور سبھی پوری طرح محفوظ ہیں۔ صرف 22 قیدی زخمی ہیں، جن کا علاج کیا جا رہا ہے۔ فی الحال پورے معاملہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */