مدھیہ پردیش: گائے کو ڈنڈا مارنے کی سزا موت! پولیس نے 5 ملزمین کو کیا گرفتار

گوالیر تھانہ انچارج پرشانت شرما کا کہنا ہے کہ پوچھ تاچھ میں گئو نسل معاملہ پر تنازعہ کی بات سامنے آئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور مقامی اِنپٹ کی بنیاد پر 5 ملزمین کی گرفتاری ہوئی ہے۔

موب لنچنگ، تصویر آئی اے این ایس
i

مدھیہ پردیش کے گوالیر ضلع میں نابالغ سمیت 6 بدمعاشوں نے ایک نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ انھوں نے مرنے سے پہلے اس نوجوان پر تھپڑوں کی بارش کی اور لات گھونسے مار کر نیم مردہ کر دیا۔ یہ سب کچھ نوجوان کے ساتھ صرف اس لیے کیا گیا کیونکہ اس نے مبینہ طور پر ایک گائے کو ڈنڈا مارا تھا۔ نوجوان پر ہوئے ظلم کی کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں نظر آ رہا ہے کہ بدمعاشوں نے اسے گھیر کر لوہے کی راڈ اور لاٹھی-ڈنڈوں سے پیٹا۔ اس پٹائی کی وجہ سے مہلوک کے چہرے اور جسم کے کئی حصوں میں گہرے چوٹ کے نشان پڑ گئے ہیں۔

ظلم و بربریت کا یہ واقعہ 3 جولائی کی شب پیش آیا۔ اس معاملہ میں گوالیر پولیس کا کہنا ہے کہ مہلوک کی شناخت دنیش عرف راکی (30 سال) کی شکل میں کی گئی ہے۔ گائے کو پیٹنے کے الزام میں نوجوانوں نے دنیش کو گھیر کر مارا۔ 4 جولائی کی صبح خون میں شرابور اس کی لاش پر لوگوں کی نظر پڑی۔ جب اس واقعہ کی ویڈیو سامنے آئی، تو اس میں دیکھا گیا کہ 6 بدمعاشوں میں ایک نابالغ بھی شامل ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واردات سے پہلے بھیرو بابا مندر کے پاس گائے پر حملہ کرنے سے متعلق دنیش اور ملزمین کے درمیان کہا سنی ہوئی۔ تنازعہ بڑھنے پر ملزمین نے اس کا پیچھا کیا، اور پھر سریا و ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔ اس حملہ میں سنگین طور پر زخمی دنیش کسی طرح اپنے گھر تک پہنچا، لیکن گھر کے دروازے کے باہر ہی گر پڑا۔


ہفتہ (4 جولائی) کی صبح جہانگیر کٹرا واقع پٹیل دھرمشالہ کے پاس دنیش سنگھ کی لاش اس کے گھر کے باہر سڑک پر پڑی ملی۔ اس کے جسم اور چہرے پر سنگین چوٹوں کے نشان تھے۔ خبر ملنے پر پولیس وہاں پہنچی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ پولیس جائے وقوع کا جائزہ بھی لیا۔ دنیش سنگھ کے قتل کی 25 سیکنڈ پر مشتمل جو ویڈیو سامنے آئی ہے، اس میں دکھائی دے رہا ہے کہ رات تقریباً 1.25 بجے 6 نوجوان دنیش کو گھیر کر پیٹ رہے ہیں۔ یہ ویڈیو پولیس کو جائے وقوع کے قریب لگے سی سی ٹی وی کیمروں سے ملی۔ فوٹیج کی بنیاد پر ملزمین کی شناخت کی گئی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 6 جولائی کو 5 ملزمین کو اپنی گرفت میں لے لیا۔ ملزمین نے پوچھ تاچھ میں پولیس کو بتایا کہ انھیں اندازہ نہیں تھا کہ مار پیٹ کی وجہ سے اس کی موت ہو جائے گی۔

گوالیر تھانہ انچارج پرشانت شرما کا کہنا ہے کہ پوچھ تاچھ میں گئو نسل معاملہ پر تنازعہ کی بات سامنے آئی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور مقامی اِنپٹ کی بنیاد پر 5 ملزمین کی گرفتاری ہوئی ہے۔ ایک ملزم فرار بتایا جا رہا ہے، جس کی تلاش میں پولیس لگاتار چھاپہ ماری کر رہی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔