مدھیہ پردیش: اچانک لگی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے 550 ایکڑ کی فصل کو خاک میں کیا تبدیل، 250 کسان ہوئے برباد

جبل پور کے موہتارا گاؤں میں موجود کھیت میں اچانک آگ لگ گئی، جو تیزی سے پھیلتے ہوئے بندھا اور پھر آلگوڈا گاؤں تک پہنچ گئی۔ اس آگ نے پوری طرح سے تیار گیہوں کی فصل کو خاک میں تبدیل کر دیا۔

<div class="paragraphs"><p>گیہوں کی کھیت میں لگی آگ کا منظر</p></div>

گیہوں کی کھیت میں لگی آگ کا منظر

user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے جبل پور ضلع واقع سیہورا اور مجھولی تحصیلوں میں اچانک آگ لگنے سے سینکڑوں ایکڑ کی تیار فصل تباہ ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گیہوں کی فصل پوری طرح تیار تھی اور کسان بہت خوش تھے، لیکن آگ نے ان کی خوشیوں پر پانی پھیر دیا۔ تقریباً 550 ایکڑ کی فصل جل کر پوری طرح خاک ہو گئی۔

یہ حادثہ سیہورا ڈیولپمنٹ بلاک واقع موہتارا، بندھا اور آلگوڈا و مجھولی کے موہنیا گاؤں میں 6 اپریل کی دوپہر پیش آیا۔ موہتارا گاؤں واقع کھیتوں سے شروع ہوئی آگ نے تیزی سے پھیلتے ہوئے بندھا اور پھر آلگوڈا گاؤں تک کا علاقہ اپنی زد میں لے لیا۔ اس حادثہ میں 550 ایکڑ کی کھڑی فصل تباہ ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ فصلیں پوری طرح تیار تھیں اور کٹائی سے ٹھیک پہلے یہ آگ کی نذر ہو گئیں۔ تیز ہوا کے سبب آگ نے خوفناک شکل اختیار کر لی، اور گاؤں والے و کسان کچھ بھی نہیں کر پائے۔


اس واقعہ کی خبر ملتے ہی سیہورا اور پناگر سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔ گاؤں والوں کی مدد سے فائر بریگیڈ اہلکاروں نے دیر شب تک سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ حالانکہ آگ لگنے کے اسباب کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔ لوگ اندازہ لگا رہے ہیں کہ شارٹ سرکٹ، بیڑی سگریٹ یا کھیتوں کے پاس جلائی گئی پرالی نے آگ کی شکل اختیار کر لی ہوگی۔

مجھولی تحصیل کے گرام موہنیا میں بھی اسی طرح کا حادثہ پیش آیا ہے۔ یہاں تقریباً 40 ایکڑ گیہوں کی کھڑی فصل میں اچانک آگ لگ گئی جس نے سب کچھ برباد کر دیا۔ آگ کی اونچی لپٹوں نے کسانوں کو دہشت میں ڈال دیا۔ مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن فائر بریگیڈ محکمہ کی مدد کے بغیر اس پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ ان آتشزدگی کے واقعات نے تقریباً 250 کسانوں کو پوری طرح سے برباد کر دیا۔ ان کی فصلیں تباہ ہو گئیں اور سبھی کسان اپنی قسمت کو رو رہے ہیں۔ جبل پور کلکٹر دیپک سکسینہ نے فوراً سروے کرنے کی ہدایت دے دی ہے تاکہ متاثرہ کسانوں کو راحت فراہم کی جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ نقصان کا اندازہ کر معاوضہ دینے کا عمل فوراً شروع کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔