مدھیہ پردیش: پولیس حراست میں 45 سالہ شخص کی موت سے ہلچل، 2 پولیس اہلکار معطل
پولیس اہلکار کا کہنا ہے کہ مہلوک رام جی جھا بان گنگا علاقہ کے شیتل نگر کا باشندہ تھا۔ اسے موٹر سائیکل چوری کے سلسلے میں پوچھ تاچھ کے لیے بان گنگا تھانہ لایا گیا تھا۔
اندور میں پولیس حراست کے دوران ایک شخص کی حیرت انگیز طور پر موت ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ شخص کو پوچھ تاچھ کے لیے تھانہ لایا گیا تھا، جہاں پُراسرار حالت میں اس کی جان چلی گئی۔ معاملہ بان گنگا تھانہ حلقہ کے بھاگیرتھ پورہ چوکی کا ہے، جہاں موٹر سائیکل چوری کے الزام میں 45 سالہ رام جی سے پوچھ تاچھ کی جا رہی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ پوچھ تاچھ کے دوران نوجوان نے مبینہ طور سے فنائل جیسے زہریلے مادہ کو پی لیا، جس سے اس کی حالت اچانک بگڑ گئی۔
نوجوان کی حالت خراب دیکھ کر پولیس نے فوراً اسے قریبی اسپتال میں پہنچایا، لیکن علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ اس واقعہ کے بعد پورے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی اور پولیس معاملے کی تفتیش میں مصروف ہو گئی۔ بان گنگا تھانہ سے جڑے سیارام گوجر نے بتایا کہ مہلوک رام جی جھا بان گنگا علاقہ کے شیتل نگر کا باشندہ تھا۔ اسے موٹر سائیکل چوری کے سلسلے میں پوچھ تاچھ کے لیے چوکی پر لایا گیا تھا۔ تصدیق کے لیے پہلے اسے اس کے گھر پر لے گئے، جس کے بعد چوکی پر لا کر بٹھایا گیا تھا۔
سیارام گوجر کا کہنا ہے کہ مہلوک نے شام تقریباً 7 بجے مٹکا کے پاس رکھی فنائل پی لی تھی۔ طبیعت بگڑنے پر اسے اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ مہلوک کے خلاف پہلے سے ہی جرائم کے 3 معاملے درج ہیں، جن میں چوری اور ناجائز شراب فروخت کرنے کا معاملہ شامل ہے۔
ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کا حوالہ دیتے ہوئے کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حراست میں ہوئی موت سے پولیس محکمہ میں کھلبلی مچ گئی ہے اور پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی بھی ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ لاپروائی کے الزام میں 2 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس پورے معاملہ کی باریکی سے جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ آگے کی کارروائی کی جا سکے۔ فی الحال پولیس حراست میں ہوئی اس موت کو لے کر کئی سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔ جانچ رپورٹ آنے کے بعد ہی واضح ہو پائے گا کہ یہ خودکشی تھی یا کسی طرح کی لاپروائی کا نتیجہ۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔