ایل پی جی بحران: جالون میں شادی سے پہلے دلہن سمیت اہل خانہ کی ڈی ایم سے فریاد، ’صاحب... سلنڈر کا انتظام کراؤ‘
دلہن کے ساتھ ڈی ایم آفس پہنچے لواحقین کا کہنا تھا کہ کھانا پکانے اور دیگر انتظامات کے لیے گیس سلنڈر کی ضرورت ہے لیکن محدود تعداد میں سلنڈر دستیاب ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان جنگ کی وجہ سے سینکڑوں کلومیٹر دور ہندوستان میں گیس کا بحران شدید ہوتا جارہا ہے۔ کئی صوبوں میں گیس ایجنسیوں کے باہر لمبی لمبی لائنیں لگ رہی ہیں اور ایک سلنڈر کے لیے لوگ کئی کئی گھنٹے لائن میں کھڑے نظر آرہے ہیں۔ ان حالات میں اتر پردیش کے جالون ضلع میں ایک انوکھا معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں شادی کی تیاریوں کے درمیان گیس سلنڈر کی قلت سے پریشان خاندان ضلع انتظامیہ سے مدد کی فریاد کررہے ہیں۔
جالون کے تحصیل کونچ علاقے کے چمیڑ گاؤں کی رہنے والی ایک خاتون اپنی بیٹی کی شادی کے لیے گیس سلنڈر کی درخواست لے کر ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر پہنچ گئی۔ اس دوران دلہن اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔ اطلاعات کے مطابق چمیڑ گاؤں کی رہائشی موہنی اہلیہ اومجی کھیمریا ہفتہ کو ضلع مجسٹریٹ کے دفتر پہنچیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ راجیش کمار پانڈے کو ایک شکایتی خط سونپتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی نندنی کی شادی 20 اپریل 2026 کو مقرر ہے۔ شادی کی تیاریوں کے لیے انہیں تقریباً 17 گیس سلنڈروں کی ضرورت ہے لیکن انہیں ضروری سلنڈر نہیں مل پارہے ہیں۔
موہنی نے بتایا کہ وہ کونچ میں دیویلیا گیس ایجنسی کی کسٹمر ہیں لیکن شادی کے لیے اضافی سلنڈر کا بندوبست نہیں ہوپا رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے درخواست کی کہ ان کی بیٹی کی شادی کے لیے ضروری گیس سلنڈر فراہم کرنے کی خصوصی اجازت دی جائے تاکہ شادی کی تقریب کے دوران کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ اس دوران دلہن نندنی بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے دفتر پہنچی۔ شادی کی تیاریوں کے حوالے سے اہل خانہ میں بے چینی صاف جھلک رہی تھی۔ لواحقین کا کہنا تھا کہ کھانا پکانے اور دیگر انتظامات کے لیے گیس سلنڈر کی ضرورت ہے لیکن محدود تعداد میں سلنڈر دستیاب ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ضلع مجسٹریٹ نے متعلقہ افسران کو ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قواعد کے مطابق تحقیقات کے بعد مناسب حل نکالا جائے گا۔ یہ معاملہ علاقے میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شادیوں جیسے اہم مواقع پر گیس سلنڈر کی دستیابی کو یقینی بنانے سے خاندانوں کو راحت ملے گی۔ انتظامی سطح پر ایسے معاملات کے فوری حل کا مطالبہ بھی زور پکڑتا جا رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔