ہریانہ: دلت نوجوان کو محبت کرنے کی ملی سزا، منھ پر سیاہی اور جوتوں کی مالا پہنا کر گھمایا گیا گاؤں

نوجوان گاؤں کی ہی ایک شادی شدہ خاتون سے محبت کرتا تھا اور خاتون بھی اس سے محبت کرتی تھی۔ تقریباً چار دن قبل دونوں گھر سے کہیں چلے گئے جس کی وجہ سے دونوں کے گھر والوں میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہریانہ کے ضلع کرنال میں عاشق و معشوق جوڑے کو محبت کرنے کی ہیبت ناک سزا دی گئی۔ ذرائع کے مطابق عاشق کا تعلق دلت طبقہ سے ہے جس نے اپنے گاؤں کی ہی دو بچوں کی ماں سے محبت کی اور کچھ دن قبل دونوں فرار ہو گئے۔ پھر جب گاؤں والوں نے منگل کو ان دونوں کو پکڑا تو ایسی سزا دی جس سے عاشق و معشوق کا دل دہل گیا۔ دونوں کو ہی گاؤں والوں نے سر عام ذلیل کیا۔ پہلے تو دونوں کی خوب پٹائی کی گئی اور پھر گلے میں جوتوں کی مالا پہنا کر ان کے چہرے پر سیاہی لگا دی گئی۔ اتنا ہی نہیں، دونوں کو اسی حالت میں پورے گاؤں میں بھی گھمایا گیا۔


اس پورے واقعہ کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ جب ویڈیو کے بارے میں پولس کو خبر ملی تو وہ حرکت میں آئی۔ پولس نے دلت نوجوان سے بیان بھی لیا اور گاؤں کے 12 لوگوں کو نامزد اور تقریباً 10 دیگر کے خلاف معاملہ درج کیا۔ اپنے بیان میں نوجوان نے بتایا کہ لوگوں نے نہ صرف اس کے عضو تناسل کو چوٹ پہنچائی بلکہ اس کے منھ میں پیشاب بھی کیا۔

میڈیا ذرائع کے مطابق نوجوان گاؤں کی ہی ایک شادی شدہ خاتون سے محبت کرتا تھا اور خاتون بھی اس سے محبت کرتی تھی۔ تقریباً چار دن قبل دونوں گھر سے کہیں چلے گئے جس کی وجہ سے دونوں کے گھر والوں میں کشیدگی پیدا ہو گئی تھی۔ جب گاؤں والوں کو یہ پتہ چلا کہ دونوں پانی پت کی کسی فیکٹری میں کام کر رہے ہیں اور وہیں رہ رہے ہیں، تو کچھ افراد وہاں پہنچے اور دونوں کو منگل کے روز گاؤں لے آئے۔ اس کے بعد گاؤں کے سابق سرپنچ کی رہائش پر دونوں فریق کی پنچایت ہوئی۔ پنچایت میں دونوں کو سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ الزام ہے کہ سابق سرپنچ کی موجودگی میں ہوئے فیصلے کے بعد دونوں کے گلے میں جوتوں کی مالا ڈالی گئی اور پھر ان کا منھ کالا کیا گیا۔ اس دوران کچھ لوگوں نے دونوں کی پٹائی بھی کی۔


اس پورے واقعہ کا کسی نے ویڈیو بنا لیا اور سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ اس ویڈیو کی وجہ سے پولس حرکت میں آئی اور نوجوان کے پاس بیان لینے پہنچ گئی۔ نوجوان نے پولس کو بتایا کہ اس کے ساتھ کافی برا سلوک کیا گیا اور اسے کافی چوٹ پہنچائی گئی۔ ڈی ایس پی راجیو کمار نے اس سلسلے میں میڈیا کو بتایا کہ نوجوان کی شکایت پر معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور جانچ بھی شروع ہو چکی ہے۔ نوجوان کا میڈیکل بھی کرایا گیا ہے۔ پولس ملزمین کو جلد گرفتار کرنے کی بات کہہ رہی ہے۔ دوسری جانب سابق سرپنچ نے اپنے اوپر لگے سبھی الزامات کو بے بنیاد بتایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔