یو پی: چھٹے مرحلے میں اکھلیش، مینکا سمیت کئی سینئر لیڈروں کے وقار کی جنگ

یو پی میں چھٹےمرحلےکےتحت بستی، سنت کبیر نگر، ڈومریا گنج، شراوستی، امبیڈکر نگر، سلطان پور، پرتاپ گڑھ، پھولپور، الہ آباد، لال گنج، اعظم گڑھ، جونپور، مچھلی شہر اور بھدوہی پارلیمانی حلقوں میں ووٹنگ ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سدھارتھ نگر: پیر کو پانچویں مرحلے کی ووٹنگ کے بعد اترپردیش میں چھٹے مرحلے کے تحت 14 سیٹوں پر ہونے والے انتخابات کی الٹی گنتی شروع ہوگئی۔ چھٹے مرحلے کے تحت 12 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلے میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو، مرکزی وزیر مینکا گاندھی، ریاستی کابینی وزیر ریتا بہوگنا جوشی اور مکٹ بہاری ورما جیسے سینئر لیڈروں کے وقار کی جنگ ہے۔

اترپردیش میں چھٹے مرحلے کےتحت بستی، سنت کبیر نگر، ڈومریا گنج، شراوستی، امبیڈکر نگر، سلطان پور، پرتاپ گڑھ، پھولپور، الہ آباد، لال گنج، اعظم گڑھ، جونپور، مچھلی شہر اور بھدوہی پارلیمانی حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اس مرحلے کے لئے متعدد اسٹار انتخابی مہم ساز بشمول نریندر مودی، اکھلیش یادو، بی ایس پی سپریمو مایاوتی، ریتا بہوگنا جوشی، مینکا گاندھی نے متعدد ریلیوں سے خطاب کیا اور روڈ شو کر کے اپنی پارٹی کے حق میں ماحول سازگار کرنے کی کوشش کی۔


بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس مرحلے کی 14 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے ہیں وہیں کانگریس نے 12، بی ایس پی نے 10 جبکہ ایس پی نے 4 سیٹوں پر اپنے امیدوار انتخابی میدان میں اتارے ہیں۔ 2014 کے عام انتخابات میں بھگوا پارٹی نے اعظم گڑھ کے علاوہ تمام سیٹوں پر جیت کا پرچم لہرایا تھا۔ جبکہ 2018 کے ضمنی انتخابات میں ایس پی نے پھولپور پارلیمانی سیٹ کو بی جے پی کے قبضے سے چھین لی تھی۔


ایس پی لیڈر اکھلیش یادو اعظم گڑھ پارلیمانی سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں جہاں بی جے پی نے بھوجپوری اداکار دنیش لال نرہوا کو ان کے مقابلے میں اتارا ہے وہیں دوسری جانب مرکزی وزیر مینکا گاندھی سلطان پور سے، ریتا بہوگنا جوشی الہ آباد اور مکٹ بہاری ورما بی جے پی کے ٹکٹ پر امبیڈکر نگر سے اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔


پرتاپ گڑھ پارلیمانی سیٹ سے رگھو راج پرتاپ سنگھ عرف راجا بھیا نے اکشے کمار سنگھ کوانتخابی میدان میں اتارا ہے۔ راجا بھیا نے کچھ دن قبل اپنی علیحدہ ’جن ستا دل لوک تانترک پارٹی‘ تشکیل دی ہے۔ جگدمبیکا پال ڈومریا گنج سے بی جے پی کے ٹکٹ پر انتخابی میدان میں ہیں۔ سابق وزیر راج کشور سنگھ جو کہ ایس پی کے سینئر لیڈروں میں سے تھے، کانگریس میں شمولیت اختیار کر کے اس کے ٹکٹ پر بستی سے انتخابی میدان میں ہیں۔ جبکہ دو مرتبہ کے رکن پارلیمان بال چند یادو سنت کبیر نگر سے کانگریس کے نشان پر اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */