انتخابی نتائج LIVE: فتح حاصل کرتے ہی بی جے پی امیدوار ستیش گوتم کی زہر افشانی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

24 May 2019, 3:08 PM

مسلم یونیورسٹی سے جناح کی تصویر کو پاکستان بھیجنا میری پہلی ترجیح: ستیش گوتم

اتر پردیش کے علی گڑھ سے انتخاب جیتنے کے بعد ستیش کمار گوتم نے اپنی زہر افشانی شروع کر دی ہے۔ انھوں نے اپنا پہلا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے میڈیا کے سامنے کہا کہ ’’میری پہلی ترجیح علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے جناح کی تصویر کو باہر نکال کر پاکستان بھیجنا ہے۔‘‘

24 May 2019, 2:04 PM

نریندر مودی نے لال کرشن اڈوانی اور مرلی منوہر جوشی سے کی ملاقات

نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی شاندار جیت کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق نائب وزیر اعظم لال کرشن اڈوانی کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی۔مسٹر مودی نے اس ملاقات کی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے اور ساتھ میں لکھا ہے ’’محترم اڈوانی جی کے گھر جاکر ان سے ملاقات کی ۔آج بی جے پی کی یہ کامیابی ممکن ہوئی ہے کیونکہ ان (مسٹر اڈوانی) جیسے عظیم لوگوں نے پارٹی کو بنانے اور لوگوں کے سامنے نئی سوچ پیش کرنے کے لئے دہائیوں محنت کی ہے‘‘۔ واضح رہے کہ دونوں لیڈروں میں نظریاتی اختلافات رہے ہیں۔ کبھی پارٹی کے سب سے زیادہ طاقتور لیڈروں میں سے ایک رہے مسٹر اڈوانی نے اس مرتبہ لوک سبھا کا انتخاب نہیں لڑا اور سرگرم سیاست کو اب تقریبا خیر باد کہہ چکے ہیں۔

24 May 2019, 1:10 PM

مغربی بنگال: بی جے پی کو حاصل ہوئے 40 فیصد ووٹ

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا انتخابات میں مغربی بنگال میں پہلی مرتبہ 40.25 فیصد ووٹ لے کر 18 سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے، جبکہ ریاست میں حکمراں ترنمول کانگریس 43.28 فیصد ووٹ حاصل کرکے 22 سیٹوں پر قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔ بی جے پی نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات کے مقابلے میں اس مرتبہ نہ صرف بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے بلکہ وہ اہم اپوزیشن پارٹی کے طور پر ابھر کر سامنے آنے میں کامیاب رہی ہے۔ بی جے پی نے سنہ 2014 کے عام انتخابات میں 17.02 فیصد ووٹ حاصل کئے تھے، لیکن وہ صرف دو لوک سبھا حلقوں میں ہی کامیابی حاصل کر سکی تھی۔ اس انتخاب میں ترنمول کانگریس کو 39.79 فیصد ووٹ ملا تھا، لیکن اسے 34 سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔


24 May 2019, 12:03 PM

ووٹروں نے مودی کی طاقتور اور فخر کرنے والی ہندو شبیہ پر مہر لگا دیا: واشنگٹن پوسٹ

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے ہندوستان کے انتخابات کی خبر کا عنوان ’راشٹرواد کی اپیل کے ساتھ ہندوستان کے مودی نے جیتا الیکشن‘ دیا ہے۔ اخبار نے لکھا ہے ’’ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی پارٹی نے دنیا کے سب سے بڑے انتخاب میں زبردست کامیابی حاصل کی۔ ووٹروں نے مودی کی طاقتور اور فخر کرنے والی ہندو شبیہ پر مہر لگا دیا۔‘‘

اخبار نے آگے لکھا ہے کہ مودی کی کمایابی اس مذہبی راشٹرواد کی جیت ہے جس میں ہندوستان کو اب جمہوریت کی راہ سے الگ ہندو راشٹر کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اخبار نے بتایا ہے کہ ہندوستان میں 80 فیصد آبادی ہندو ہے، لیکن یہاں مسلم، عیسائی، سکھ اور بودھ و دیگر مذاہب کے لوگ بھی رہتے ہیں۔

24 May 2019, 10:10 AM

بی جے پی امیدوار سمبت پاترا اڈیشہ کے پُری سیٹ سے ہارے

اڈیشہ کے پُری سے بی جے پی امیدوار سمبت پاترا کو شکست ملی ہے۔ انھیں بی جے ڈی کے پناکی مشرا نے تقریباً 11 ہزار ووٹوں سے ہرایا۔ عام انتخاب میں بی جے پی کی بہترین کارکردگی کے درمیان سمبت پاترا کی شکست پارٹی کے لیے ایک زبردست جھٹکا تصور کیا جا رہا ہے۔


24 May 2019, 9:02 AM

ووٹوں کی گنتی اب بھی جاری، بی جے پی 294 اور کانگریس 52 سیٹوں پر کامیاب

لوک سبھا انتخاب کے نتائج ابھی پوری طرح برآمد نہیں ہوئے ہیں۔ کئی سیٹوں پر ووٹ شماری جاری ہے۔ اب تک جو نتائج آئے ہیں اس کے مطابق بی جے پی 294 سیٹوں پر فتح حاصل کر چکی ہے اور کانگریس نے 52 سیٹوں پر قبضہ کر لیا ہے۔ جن سیٹوں پر اب بھی ووٹوں کی گنتی جاری ہے ان میں سے 9 پر بی جے پی آگے ہے اور ان میں سے کچھ پر کانگریس دوسرے مقام پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔