کشمیر میں لاک ڈاؤن: جمعۃ الوداع پر مساجد خاموش، یوم القدس کی محدُود تقریبات، بازار ویران

مساجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی نیز جمعۃ الوداع اور یوم القدس کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات اور برآمد ہونے والے جلوس بھی مفقود ہو کر رہ گئے

تصویر یو این آئی
i
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں کورونا لاک ڈاؤن جہاں جمعہ کو 65 ویں دن بھی برابر جاری رہا وہیں مسلسل نویں ہفتے بھی وادی کے اطراف و اکناف کی مساجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کی گئی نیز جمعۃ الوداع اور یوم القدس کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریبات اور برآمد ہونے والے جلوس بھی مفقود ہو کر رہ گئے۔

ادھر وادی کے بازاروں میں ماہ صیام کے آخری ایام کے دوران عید خریداری کے لئے جو لوگوں کا رش ہوتا تھا وہ کلی طور پر غائب ہے۔ لوگوں کو اشیائے ضروریہ کی مختصر اور محدود خریداری کرتے ہوئے ہی دیکھا جارہا ہے۔

تاہم اطلاعات کے مطابق وادی کے بعض علاقوں میں نوجوانوں کی طرف سے محدود پیمانے پر مساجد کے صحنوں اور پبلک پارکوں میں سماجی دوری کا خاص رکھتے ہوئے فلسطین کے حق میں احتجاجوں کا اہتمام کیا گیا۔ واضح رہے کہ وادی میں ہر سال یوم القدس کے موقع پر فلسطین کے حق میں جلوس برآمد کئے جاتے تھے جن میں لوگ بیت المقدس کی آزادی کے حق میں اور اسرائیل کے خلاف نعرے بلند کرتے تھے۔

کشمیر میں لاک ڈاؤن: جمعۃ الوداع پر مساجد خاموش، یوم القدس کی محدُود تقریبات، بازار ویران

اس موقع کی مناسبت سے حریت لیڈران بھی بیانات جاری کرتے تھے لیکن امسال ان کی طرف سے بھی کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ وہ اپنے بیانات میں جمعتہ الوداع کو یوم القدس اور یوم کشمیر کے طور پر منانے کی لوگوں سے اپیل کرتے تھے۔ یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر کی تمام مساجد کے محراب و منبر جمعۃ الوداع کے موقعے پر بھی خاموش رہے اور بازاروں میں بھی سناٹا ہی چھایا رہا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں اضافے کی وجہ سے لوگ گھروں میں ہی بیٹھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

کشمیر میں لاک ڈاؤن: جمعۃ الوداع پر مساجد خاموش، یوم القدس کی محدُود تقریبات، بازار ویران

موصوف نامہ نگار نے بتایا کہ ماہ صیام کے آخری ایام کے دوران بازاروں میں لوگوں کا جو غیر معمولی رش دیکھنے کو ملتا تھا وہ کلی طور پر غائب ہے۔ نیز جامع مسجد اور درگاہ حضرت بل میں نماز جمعہ کے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوتے تھے۔ اطلاعات کے مطابق وادی کے بعض علاقوں میں نوجوانوں نے سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے مساجد کے صحنوں اور پبلک پارکوں میں محدود پیمانے پر یوم القدس کی مناسبت سے احتجاج درج کئے۔ نوجوانوں نے فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے حق میں نعرہ بازی بھی کی اور سوشل میڈیا پر احتجاجوں کی ویڈیوز کو پوسٹ بھی کیا۔


دریں اثنا وادی کے دیگر ضلع و تحصیل صدر مقامات میں بھی لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوگوں کی کلہم سرگرمیاں محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق تمام چھوٹی بڑی مساجد میں ماہ صیام کے آخری جمعہ کے موقع پر بھی نماز جمعہ کی ادائیگی معطل رہی اور لوگ گھروں میں ہی بارگاہ ایزدی میں سربسجود ہوئے۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں بھی لاک ڈاؤن کے بیچ یوم القدس کی مناسبت سے محدود پیمانے پر نوجوانوں نے سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے احتجاج کیا۔

موصولہ اطلاعات نوجوانوں نے فیس ماسک لگائے اور سماجی دوری کا خیال رکھتے ہوئے بینر اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے حق میں نعرے لکھے ہوئے تھے۔ صوبہ جموں سے بھی نوجوانوں نے یوم قدس کی مناسبت سے انتہائی محدود پیمانے پر احتجاج درج کرنے کی اطلاعات ہیں۔

کشمیر میں لاک ڈاؤن: جمعۃ الوداع پر مساجد خاموش، یوم القدس کی محدُود تقریبات، بازار ویران

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 May 2020, 5:40 PM