چیف سکریٹری بدسلوکی معاملہ نے طول پکڑا

پیر کی شب دہلی کے چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ بدسلوکی اور آج دہلی سکریٹریٹ میں عآپ وزراء کے ساتھ افسروں کے غلط رویہ نے دہلی کی سیاسی فضا میں گرمی پیدا کر دی ہے۔ پڑھیے لمحہ بہ لمحہ کی خبر...

گرافکس قومی آواز
گرافکس قومی آواز
user

قومی آواز بیورو

20 Feb 2018, 8:30 PM

بی جے پی کے غنڈے کچھ ملازمین کو بھڑکا رہے ہیں: منیش سسودیا

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے پریس کانفرنس کر کے دہلی کے چیف سکریٹری کے سبھی الزامات کو سرے سے خارج کر دیا ہے۔ انھوں نے ان کے سبھی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کے غنڈے کچھ ملازمین کو بھڑکا رہے ہیں اور مظاہرہ کروا رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ دہلی حکومت کے کام کو رخنہ پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سسودیا کا کہنا ہے کہ راشن سے متعلق کابینہ میٹنگ ہونے والی تھی لیکن ان سب ہنگامہ آرائیوں کی وجہ سے میٹنگ نہیں ہو پائی۔

20 Feb 2018, 7:25 PM

امانت اللہ اور ایک دیگر عآپ ممبر اسمبلی کے خلاف ایف آئی آر درج

چیف سکریٹری انشو پرکاش کی شکایت کے بعد دہلی پولس نے ممبر اسمبلی امانت اللہ خان اور ایک دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لیا ہے۔ پولس نے یہ ایف آئی آر سرکاری ملازم کے ساتھ مار پیٹ کرنے کے کیس میں درج کیا ہے۔

دوسری طرف وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر بی جے پی کارکنان کثیر تعداد میں جمع ہو گئے ہیں اور ان کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ حالات قابو سے باہر نہ ہوں اس لیے وہاں کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر چیف سکریٹری کے خلاف بدسلوکی سے ناراض بی جے پی کارکنان احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے
20 Feb 2018, 6:30 PM

چیف سکریٹری نے عآپ ممبران اسمبلی کے خلاف پولس میں تحریر دی

چیف سکریٹری انشو پرکاش نے عام آدمی پارٹی کے دو ممبران اسمبلی کے خلاف پولس میں شکایت کی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ عام آدمی پارٹی کے دو ممبران اسمبلی نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی ہے۔ پولس کو دی گئی تحریری شکایت کی کاپی خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ امانت اللہ خان اور ایک دیگر ممبر اسمبلی نے ان کے ساتھ دست درازی کی۔ دہلی پولس کو لکھے گئے خط میں دونوں ممبران اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنے کی گزارش بھی کی گئی ہے۔


20 Feb 2018, 6:20 PM

چیف سکریٹری کے ساتھ ممبران اسمبلی کی مار پیٹ مایوس کن: شیلا دیکشت

دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت نے بھی چیف سکریٹری کے خلاف بدسلوکی کو افسوسناک قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ بہت مایوس کن ہے، چیف سکریٹری کے ساتھ ممبران اسمبلی نے مار پیٹ کی جو بہت غلط ہے۔ اسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انھوں نے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال خود سرکاری ملازم رہ چکے ہیں، کیا ان کے ساتھ کبھی ایسا ہوا۔

20 Feb 2018, 5:07 PM

راج ناتھ سنگھ نے صرف ایک فریق کی بات سنی: عآپ

آشیش کھیتان نے ایک پریس کانفرنس میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پر ایک فریق کی بات سن کر اپنا درد بیان کر دینے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ملک کے وزیر داخلہ نے اپنے ٹوئٹ میں ہی فیصلہ کر لیا کہ کون قصوروار ہے، پہلے انھیں غیر جانبدارانہ جانچ کرنی چاہیے تھی، انھوں نے صرف ایک فریق کی بات سن کر فیصلہ سنا دیا ہے۔‘‘

آشیش کھیتان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی افسر یہ کہہ دے کہ میری جواب دہی لیفٹیننٹ گورنر کے تئیں ہے اور وزیر اعلیٰ یا ممبر اسمبلی کے تئیں نہیں، تو یہ بہت غلط ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں صاف نظر آ رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے گھر پر کوئی مار پیٹ نہیں ہوئی ہے۔ مار پیٹ کی بات پوری طرح غلط ہے۔ آشیش کھیتان نے یہ بھی کہا کہ دہلی کے عوام کو راشن نہ ملنے کی شکایت پر ہی کل رات کو ایمرجنسی میٹنگ طلب کی گئی تھی۔ ہم عوام کو پریشان ہوتے دیکھنا نہیں چاہتے، ہم افسران کی جوابدہی طے کرتے ہیں اس لیے انھیں دقت ہو رہی ہے۔


20 Feb 2018, 4:42 PM

اروند کیجریوال کو فوراً استعفیٰ دینا چاہیے: بی جے پی

بی جے پی کے قومی ترجمان سمبت پاترا نے اروند کیجریوال سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی چیف سکریٹری کے ساتھ ہوئی بدسلوکی کی مذمت کرتی ہے۔ دہلی میں آئینی بحران آ گیا ہے۔‘‘ انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’’ہم نے ایسا پہلی مرتبہ دیکھا ہے کہ ایک وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ایک چیف سکریٹری پر حملہ کیا گیا ہو۔‘‘ اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’کیا آپ کو لگتا ہے کہ ایسے شخص کو وزیر اعلیٰ بنے رہنا چاہیے۔ اروند کیجریوال کو فوراً استعفیٰ دینا چاہیے۔‘‘

20 Feb 2018, 4:31 PM

راج ناتھ نے لیفٹیننٹ گورنر سے پورے معاملے کی رپورٹ طلب کی

مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل سے چیف سکریٹری کے ساتھ ہوئی بدسلوکی کے معاملے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’اس سلسلے میں انصاف ہوگا۔ آج مجھ سے IAS DANICS اور اس کے ماتحت سروسز پر مبنی ایک وفد نے ملاقات کی اور پورے حالات سے واقف کرایا۔‘‘


20 Feb 2018, 4:27 PM

سرکاری ملازمین راج گھاٹ پر کینڈل مارچ نکالیں گے!

دہلی ایڈمنسٹریٹیو سب آرڈینیٹ سروسز کے صدر ڈی این سنگھ نے کہا ہے کہ جب تک حکومت اس معاملے میں کوئی ایکشن نہیں لیتی اس وقت تک سرکاری ملازمین کام نہیں کریں گے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ملازمین اس پورے معاملہ سے نالاں ہیں اور راج گھاٹ پر کینڈل مارچ نکالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

20 Feb 2018, 4:10 PM

ممبر اسمبلی اجے دَت نے دہلی پولس کمشنر سے چیف سکریٹری کی شکایت کی

امبیڈکر نگر کے ممبر اسمبلی اجے دَت نے دہلی پولس کمشنر امولیہ پٹنایک کو ایک خط لکھ کر چیف سکریٹری انشو پرکاش کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے اس خط میں لکھا ہے کہ چیف سکریٹری نے میٹنگ کے دوران ذات پر مبنی جملے استعمال کیے جس سے انھیں بہت تکلیف ہوئی ہے۔ انھوں نے پولس کمشنر سے مطالبہ کیا کہ SC/ST قانون کے تحت چیف سکریٹری کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔


20 Feb 2018, 4:02 PM

دہلی کے وزیر ماحولیات عمران حسین کے ساتھ بھی بدسلوکی!

انڈیا ٹوڈے ٹی وی کے صحافی انکت تیاگی نے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں حکومت دہلی کے ملازمین وزیر ماحولیات عمران حسین کے ساتھ بدسلوکی کر رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے کہ یہ دہلی حکومت کے ملازمین ہیں یا غنڈے ہیں؟

20 Feb 2018, 3:56 PM

چیف سکریٹری کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ غلط: راج ناتھ سنگھ

مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ بدسلوکی پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’چیف سکریٹری کے ساتھ جو ہوا اس سے میں گہری تکلیف میں ہوں۔ سول سروسز کے افسران کو پوری عزت اور بے خوف ماحول میں کام کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔‘‘

راج ناتھ سنگھ کے اس بیان پر عآپ کے سوربھ بھاردواج نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جب سینئر آئی اے ایس افسر کی بیٹی ہریانہ بی جے پی سربراہ کے صاحبزادے کے ذریعہ استحصال کی شکار ہوئی تھی تو آپ کا درد کہاں تھا۔ آپ نے اس وقت اپنی تکلیف کا اظہار نہیں کیا تھا۔


20 Feb 2018, 3:50 PM

چیف سکریٹری کے ساتھ بدسلوکی منصوبہ بند: کپل مشرا

عآپ اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھانے والے کپل مشرا نے دعویٰ کیا ہے کہ اروند کیجریوال کی میٹنگ کا ایشو آدھار اور راشن کارڈ نہیں تھا بلکہ اشتہار تھا۔ ساتھ ہی انھوں نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ اروند کیجریوال پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیف سکریٹری کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ منصوبہ بند تھا۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہر کو Constitutional Breakdown کی جانب لے جا رہے ہیں۔

20 Feb 2018, 3:44 PM

دہلی سکریٹریٹ کے باہر 200 بی جے پی کارکنان کی موجودگی حیرت انگیز: آدرش شاستری

عآپ ممبر اسمبلی آدرش شاستری نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں کئی بی جے پی کارکنان دہلی سکریٹریٹ کے قریب ہنگامہ آرائی کر رہے ہیں۔ انھوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ تقریباً 200 بی جے پی کارکنان یہاں سرکاری لیفٹیننٹ گورنر یا حکومت ہند کی ہدایت کے بعد پہنچے!


20 Feb 2018, 3:36 PM

آئی اے ایس ایسو سی ایشن کی سکریٹری نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کی

آئی اے ایس ایسو سی ایشن کی سکریٹری منیشا سکسینہ کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کر کے اپنی بات رکھی ہے۔ انھیں بتایا گیا ہے کہ چیف سکریٹری کو دیر رات میٹنگ کے لیے بلایا گیا تھا اور میٹنگ میں وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ و ممبران اسمبلی موجود تھے اور جب چیف سکریٹری وہاں پہنچے تو ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’گزشتہ کچھ سالوں سے اس طرح کی چیزیں ہو رہی ہیں اور افسروں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا ہے۔

20 Feb 2018, 3:22 PM

عآپ لیڈر آشیش کھیتان پر حملہ

عام آدمی پارٹی کے لیڈر آشیش کھیتان کا کہنا ہے کہ ان پر حملہ کیا گیا۔ ایک ویڈیو میں مارو مارو کی آوازیں صاف سنائی دے سکتی ہیں جو نیوز18 نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ڈالا ہے۔


20 Feb 2018, 3:21 PM

دہلی پولس سکریٹریٹ پہنچی

عام آدمی پارٹی کے وزیروں کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ پیش آنے کے بعد دہلی پولس سکریٹریٹ پہنچ چکی ہے اور حالات کو بہتر بنانے رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہو گئی ہے۔

20 Feb 2018, 3:19 PM

عآپ نے ٹوئٹر ہینڈل پر اپنی صفائی پیش کی

اس پورے معاملے میں عام آدمی پارٹی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے صفائی پیش کی ہے اور انھوں نے کہا ہے کہ چیف سکریٹری کے ساتھ کوئی غلط رویہ اختیار نہیں کیا گیا۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ 2.5 لاکھ خاندانوں کو راشن ملنے میں پریشانی ہو رہی تھی اس سے متعلق گفتگو ہو رہی تھی جس میں ان سے کچھ سوالات کیے گئے تھے جن کا جواب انھوں نے نہیں دیا اور کہا کہ وہ صرف لیفٹیننٹ گورنر کو جواب دیں گے۔


20 Feb 2018, 3:12 PM

عآپ وزراء کے ساتھ دہلی سکریٹریٹ میں ہاتھا پائی

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ اب چیف سکریٹری سے بدسلوکی کے الزامات کے درمیان اروند کیجریوال کے میڈیا صلاحکار نے سکریٹریٹ میں دہلی حکومت کے وزیر عمران حسین اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر آشیش کھیتان سے مار پیٹ کا الزام عائد کیا ہے۔ الزام ہے کہ دونوں سے دہلی سکریٹریٹ میں ہاتھا پائی کی گئی۔

چیف سکریٹری کی بدسلوکی معاملہ میں دوطرفہ الزامات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ دہلی حکومت اور افسران آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ وہ دفتر جائیں گے لیکن کام نہیں کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔