دہلی-این سی آر میں ہلکی بارش نے موسم کو بنایا خوشگوار، بادل اور تیز ہواؤں نے گرمی سے دی راحت
آئی ایم ڈی کے مطابق یکم جولائی کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سلسیس اور کم از کم درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ آسمان میں مستقل بادل چھائے رہیں گے۔

دہلی-این سی آر میں منگل کی شب ہوئی ہلکی بارش اور تیز ہواؤں نے گرمی سے لوگوں کو تھوڑی راحت دی ہے۔ دہلی-این سی آر کا موسم بدھ کی صبح بھی بہت خوشگوار بنا ہوا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے مطابق جلد ہی شدید گرمی برداشت کر رہے دہلی-این سی آر میں مانسون پہنچنے والا ہے۔ حالانکہ شمال مشرقی ریاست میں مانسون داخل ہونے کے ساتھ ہی ریاست کے کچھ شمالی حصے میں بھی مانسون کا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ راجدھانی دہلی کے ساتھ ساتھ پنجاب اور راجستھان میں بھی مانسون کے لیے حالات موافق بنے ہوئے ہیں۔
30 جون کو دہلی کا کم از کم درجہ حرارت 31.2 ڈگری سلسیس درج کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.5 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔ منگل کو شہر کے بیس اسٹیشن صفدر جنگ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.50 ڈگری سلسیس رہا، جبکہ رِج میں 41.5 ڈگری سلسیس اور آیا نگر میں 40.1 ڈگری سلسیس درج کیا گیا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم از کم درجہ حرارت میں 2-1 ڈگری سلسیس کے تھوڑے اضافہ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2-1 ڈگری سلسیس کی گراوٹ درج کی گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں دہلی میں کم از کم درجہ حرارت 31-29 ڈگری سلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41-40 ڈگری کے درمیان درج کیا گیا۔ اس دوران دن کے وقت دہلی میں مغربی-شمالی-مغربی سمت سے ہوائیں چلیں، جن کی رفتار 20-15 کلو میٹر فی گھنٹہ تھی۔
آئی ایم ڈی کے مطابق یکم جولائی کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سلسیس اور کم از کم درجہ حرارت 27 سے 29 ڈگری سلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ آج آسمان میں مستقل بادل چھائے رہیں گے۔ دوپہر یا شام کے وقت گرج و چمک اور آندھی و طوفان کے ساتھ ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش ہونے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ اس دوران 50-40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں، جو جھونکوں کے ساتھ 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہے۔ آئی ایم ڈی کا اندازہ ہے کہ دہلی-این سی آر میں آئندہ 7 دنوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت اور کم سے کم درجہ حرارت میں دھیرے دھیرے 6-5 ڈگری سلسیس کی گراوٹ آ سکتی ہے۔ محکمہ کے مطابق دہلی-این سی آر میں 2 سے 6 جولائی تک آسمان میں بادل چھائے رہیں گے اور اس دوران گرج و چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانہ درجہ کی بارش کی پیشین گوئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
