کشمیر: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے درگاہ حضرت بل کا دورہ کیا

منوج سنہا نے وہاں مذہبی اور روحانی قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور انہیں کووڈ 19 وبا سے متعلق عوام میں جانکاری عام کرنے میں موثر کردار ادا کرنے کے لئے کہا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز ڈل جھیل کے کنارے واقع تاریخی زیارت گاہ حضرت بل کا دورہ کیا اور وہاں عقیدتمندوں کے لئے دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے زیارت گاہ پر حاضری دی اور جموں و کشمیر کی یونین ٹریٹری کے لئے امن، ترقی، خوشحالی اور یہاں کے لوگوں کے لئے خیرو عافیت کی دعا کی۔


انہوں نے وہاں مذہبی اور روحانی قائدین کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور انہیں کووڈ 19 وبا سے متعلق عوام میں جانکاری عام کرنے میں موثر کردار ادا کرنے کے لئے کہا۔

بعد میں لیفٹیننٹ گورنر نے احاطے کے ارد گرد گھومے اور عقیدتمندوں کے لئے سہولیات کا جائزہ لیا۔ پلگرمیج ریجیونیشن اینڈ ا سپریچیول آگمنٹیشن ڈرائیو (پی آر اے ایس اے ڈی) کے تحت جاری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسروں کو سکیم کے تحت ترقیاتی کاموں میں سرعت لانے کے لئے کہا۔ انہوں نے افسروں کو عقیدتمندوں کے لئے بہترین سہولیات بہم رکھنے کی ہدایت دی۔


واضح رہے زیارت گاہ حضرت بل کو حکومت ہند کی پی آر اے ایس اے ڈی سکیم کے تحت تعمیر و تجدید کی جارہی ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان، صوبائی کمشنر کشمیر پی کے پولے، آئی جی پی کشمیر وجے کمار، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری، ایس ایس پی سری نگر ڈاکٹر محمد حسیب مغل اور دیگر اعلیٰ اَفسران دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔