اسپیکر اوم برلا کی ’یوم آئین‘ کو ’فرائض کےتہوار‘کے طور پر منانے کی اپیل

اوم برلا نے آئین كو ملک کی تہذیب و ثقافت کاعکاس بتاتے ہوئے ’یوم آئین‘ کو ’بنیاد ی فرائض کا تہوار‘ کے طور پر منانے کی اپیل کی اور کہا کہ اس کے بتائے راستہ پر چل کر ہی نیا ہندوستان تعمیر ہو سکتا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے منگل کو ہندوستانی آئین كو ملک کی تہذیب و ثقافت اور آدرشوں کاعکاس بتاتے ہوئے ’یوم آئین‘ کو ’بنیاد ی فرائض کا تہوار‘ کے طور پر منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بتائے راستہ پر چل کر ہی نئے ہندوستان کی تعمیر کی جا سکتی ہے۔

برلا نے آئین اپنانے کے 70 ویں سالگرہ پر پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں منعقد خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین ہمارا رہنما ہے۔اس کا مثبت استعمال کر کے اسے اور مزید مضبوط کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ممبران پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ ایسی مثال پیش کریں جس سے ایک پیغام جائے اور لوگ اپنے فرائض پر عمل کریں۔


انہوں نے کہا کہ آئین نے بنیادی انسانی زندگی کے ہر پہلو کو منظم کیا ہے۔ اداروں کا احترام کیا جانا چاہیے اور ملک کی خودمختاری کو محفوظ رکھا جانا چاہیے۔ آئین سے جہاں آزادی کو طاقت ملی ہے وہیں یہ ہمیں نظم و ضبط بھی سکھاتا ہے۔

برلا نے لوگوں سے سائنسی سوچ کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئین ہمیں آدرشوں اور فرائض کی بھی یاد دلاتا ہے۔ یہ ہمیں بنیادی فرائض اور آدرشوں کے اقدار کی بھی یاد دلاتا ہے۔صرف حقوق کی بات کرنے سے عدم توازن پیدا ہوتا ہے اور اس سے ملک کی ترقی کی رفتار سست ہوتی ہے۔


انہوں نے آئین کو راہ نما بتاتے ہوئے کہا کہ اس کا تخلیقی استعمال کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 70 سال کی ترقی کے سفر کے دوران آئین نے بہترین کردار ادا کیا ہے۔ اس نے چیلنجوں کے ساتھ ساتھ مواقع بھی دیئے ہیں۔ نئی ٹیکنالوجی سے چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔

برلا نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے ساتھ ہی آئین سازوں کا شکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی امیدوں کے مطابق آئین بنایا گیاہے۔ اس سے ملک کی ثقافت اور تہذیب کا اظہار ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ70سال قبل یعنی 26 نومبر 1949 کو ملک نے آئین کو قبول کیا تھا جس کی خوشگوار یادیں آج بھی تازہ ہو جاتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔