’سورج کی گرمی چھوڑیے، مہنگائی کی آگ پر کچھ بولیے‘، شدید گرمی سے متعلق پی ایم مودی کے بیان پر کھڑگے کا تبصرہ

پی ایم مودی نے کہا کہ ممکن ہو تو کسی پیاسے شخص کو ایک گلاس پانی ضرور دیں۔ میں ایسے لوگوں کی بھی تعریف کروں گا جو اپنے گھروں اور دکانوں کے باہر مٹکے میں پانی رکھتے ہیں تاکہ کوئی بھی ان سے پانی پی سکے۔

<div class="paragraphs"><p>مودی، کھڑگے / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے کا وزیر اعظم نریندر مودی کی بڑھتی گرمی کے مدنظر لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’گرمی تو جھیل لیں گے، لیکن بی جے پی اسپانسرڈ مہنگائی کی آگ سے عام لوگوں کے پسینے چھوٹ رہے ہیں۔ اپنی حکومت کی لوٹ پر بھی کچھ بولیے مودی جی؟‘‘ ملکارجن کھڑگے کا یہ بیان وزیر اعظم مودی کی اس اپیل کے بعد آیا جس میں انہوں نے اہل وطن سے شدید گرمی کے درمیان حتی الامکان احتیاط برتنے اور وافر مقدار میں پانی پیتے رہنے کے لیے کہا ہے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اہل وطن سے شدید گرمی کے دوران احتیاط برتنے کی اپیل کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے کئی پوسٹیں کیں۔ انہوں نے لکھا کہ ’’ملک کے مختلف حصوں میں مسلسل درجہ حرارت میں اضافہ ہو رہا ہے اور اس کی وجہ سے لوگوں کی روزمرہ کی زندگی میں پریشانیاں بھی بڑھتی جا رہی ہیں۔ میں تمام اہل وطن سے اپیل کرتا ہوں کہ جتنا ممکن ہو سکے اتنا احتیاط برتیں۔ براہ کرم خود کو ہائیڈریٹ رکھیں، گھر سے باہر نکلتے وقت پانی ساتھ رکھیں۔‘‘


وزیر اعظم مودی اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’ایسے موسم میں آپ کی حساسیت بھی بہت بڑا سہارا بن جاتی ہے۔ اگر ممکن ہو تو کسی پیاسے شخص کو ایک گلاس پانی ضرور دیں۔ میں ایسے لوگوں کی بھی تعریف کروں گا جو اپنے گھروں اور دکانوں کے باہر مٹکے میں پانی رکھتے ہیں تاکہ کوئی بھی ان سے پانی پی سکے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’شدید گرمی کے باعث ہونے والی پریشانی جیسے چکر آنا، متلی یا ضرورت سے زیادہ تھکان لگے تو اسے بالکل نظر انداز نہ کریں۔ اگر آپ کے پاس موجود کسی شخص کو اچانک بیہوشی جیسا لگے، کمزوری محسوسس ہو یا بیمار دکھائی دے تو اسے فوراً کسی ٹھنڈی یا سایہ دار جگہ پر لے جائیں۔ اسے پانی، او آر ایس یا دیگر مائع مادہ دیں، جس سے جسم کو راحت مل سکے۔‘‘

پی ایم مودی کے مطابق بچے، بزرگ اور دھوپ میں کام کرنے والے لوگ اس شدید گرمی میں سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ وقت رہتے توجہ نہ دینے پر یہ صورتحال ہیٹ اسٹروک جیسی سنگین شکل اختیار کر سکتی ہے۔ ایسے وقت میں آپ کی چوکسی اور دیکھ بھال کسی کی زندگی بچا سکتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’جب بھی ممکن ہو اپنے والدین، دادا دادی، نانا نانی اور دیگر عزیزوں کو فون کر ان کی خیریت ضرور دریافت کریں۔ انہیں وافر مقدار میں پانی پینے، دوپہر کی تیز دھوپ میں باہر نہ نکلنے اور جتنا ممکن ہو سکے آرام کرنے کا مشورہ دیں۔‘‘


اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں وزیر اعظم مودی یہ بھی لکھتے ہیں کہ ’’اس شدید گرمی میں ہمیں اپنے آس پاس کے جانوروں اور پرندوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔ اپنے گھر، بالکنی، چھت، دکان یا آفس کے باہر پانی سے بھرا ایک چھوٹا سا برتن رکھنا بھی کسی پیاسے پرندے کے لیے زندگی بچانے کا سبب بن سکتا ہے۔ آئیے ان مشکل دنوں میں پوری حساسیت اور ہمدردی کے ساتھ ایک دوسرے کا خیال رکھیں۔‘‘

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔