اہم خبریں: ٹول کِٹ معاملہ میں دشا روی کو 9 دنوں بعد ملی ضمانت، ماں کا اظہارِ خوشی

فائل تصویر یو این آئی
فائل تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

23 Feb 2021, 7:09 PM

ٹول کِٹ معاملہ: دشا روی کو 9 دنوں بعد ملی ضمانت، ماں کا اظہارِ خوشی

کسان تحریک سے جڑے ’ٹول کِٹ کیس‘ میں ماحولیاتی کارکن دشا روی کو بالآخر 9 دنوں بعد ضمانت مل گئی۔ دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے منگل کے روز دشا کو ایک لاکھ کے بانڈ پر مشروط ضمانت دی۔ پولس نے عدالت میں کہا کہ دشا روی نے ثبوت مٹائے ہیں، جب کہ دشا روی کی طرف سے کورٹ میں کہا گیا تھا کہ اگر کسانوں کی تحریک کی حمایت ملک سے غداری ہے تو بہتر ہے کہ وہ جیل میں رہیں۔ دشا روی کی ضمانت کے بعد اس کی ماں منجولا کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیٹی کی ضمانت سے وہ خوش ہیں اور عدلیہ پر انھیں مکمل اعتماد ہے۔

23 Feb 2021, 6:29 PM

سپریم کورٹ سے عتیق احمد کے بیٹے کو پیشگی ضمانت نہیں ملی

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز باہوبلی عتیق احمد کے بیٹے محمد عمر کو کرارہ جھٹکا دیتے ہوئے اس کی پیشگی ضمانت کی درخواست کو خارج کردیا۔ جسٹس این وی رمنا، جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس انیرودھ بوس پر مشتمل ڈویژن بنچ نے عتیق احمد کی پیشگی ضمانت کی درخواست کی سماعت کے دوران کہا کہ "ہم اس درخواست کو مسترد کر رہے ہیں۔"

محمد عمر نے اپنے گرگوں کے ساتھ مل کر لکھنؤ کے پراپرٹی بزنس مین موہت جیسوال کو اغوا کیا اور اسے اپنے والد عتیق احمد کے پاس دیوریا جیل میں لے گیا تھا۔ واضح رہے کہ موہت جیسوال کو جیل کی بیرک میں مارا پیٹا گیا اور 45 کروڑ روپے کے کاغذ پر زبردستی دستخط کرائے گئے تھے۔ موہت کی ایس یو وی گاڑی بھی وہاں رکھوا لی گئی تھی۔ اسی معاملے میں ، عتیق احمد کے بیٹے عمر نے پیشگی ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ جسٹس رمنا نے کہا کہ جولائی 2019 میں ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا گیا تھا۔ درخواست گزار اب تک تفتیشی ایجنسی کے ہاتھ سے بچتا رہا۔ جب اتنا وقت گزر گیا ہے، تو وہ پیشگی ضمانت مانگ رہا ہے، لہذا اسے راحت نہیں دی جاسکتی ۔‘‘

23 Feb 2021, 5:29 PM

رکن ِپارلیمان سید امتیاز جلیل کورونا سے متاثر

اورنگ آباد: مہاراشٹر کے اورنگ آباد سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رکن ِ پارلیمان سید امتیاز جلیل کورونا وائرس سے متاثر ہو گئے ہیں۔ اے آئی ایم آئی ایم کے ریاستی صدر امتیاز جلیل نے ٹوئٹر پر خود یہ اطلاع دی۔ انہیں علاج کے لئے راشید پورہ کے ایک پرائیوٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی طبیعت ٹھیک ہے اور فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ڈاکٹر ان کا علاج کر رہے ہیں۔

گجرات میونسپل کارپوریشن کی انتخابی مہم کے بعد وہ تین دن قبل اورنگ آباد آئے تھے۔ ان کی طبیعت اس وقت بگڑ رہی تھی جس کی وجہ سے وہ گھر میں کسی سے نہیں ملے اور خود کو آئیسولیشن میں رکھا تھا۔ طبیعت بگڑنے پر انہوں نے کورونا ٹیسٹ کرایا، جس کی رپورٹ پازیٹو آئی۔ امتیاز جلیل نے اپنے رابطے میں آئے سبھی لوگوں سے کورونا ٹیسٹ کرانے کی اپیل کی ہے۔

23 Feb 2021, 3:35 PM

پرینکا گاندھی نے کی متھرا پہنچ کر ’کسان مہاپنچایت‘ میں شرکت، مرکزی حکومت پر بولا حملہ

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے متھرا پہنچ کر یہاں منعقدہ کسان مہاپنچایت میں شرکت کی۔ مہاپنچایت سے خطاب کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ پٹرول- ڈیزل اور رسوئی گیس کے دام بڑھ رہے ہیں، اسمارٹ میٹر کے ذریعے لوٹ ہو رہی ہے، بجلی کے دام بڑھتے چلے جا رہے ہیں لیکن آپ کو کوئی سہولیت میسر نہیں ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا، ’’وزیر اعظم نے کسانوں کی بجلی کٹوا دی، پانی کی بوچھاریں مروائی گئیں، متعدد تکلیفیں دے رہے پھر بھی ان کی کوئی سماعت نہیں کی گئی اور غیر حساس بنے رہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور حکومت کے پاس صرف اور صرف ایک راستہ ہے کہ وہ تینوں سیاہ زرعی قوانین کو واپس لے لے۔

23 Feb 2021, 2:07 PM

پرینکا گاندھی متھرا کے لئے روانہ، ڈی این ڈی شاہراہ پر کانگریس کارکنان نے کیا استقبال

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی آج متھرا ضلع کے دورہ پر ہیں۔ پرینکا گاندھی یہاں زرعی قوانین کے خلاف ہو رہی 'کسان مہپنچایت' سے خطاب کریں گی۔ اس دوران کانگریس کارکنان نے ڈی این ڈی شاہراہ پر ا کا زبردست استقبال کیا گیا۔

23 Feb 2021, 1:40 PM

ڈوڈہ سڑک حادثے میں 28 سالہ نوجوان لقمہ اجل

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع ڈوڈہ میں منگل کی صبح ایک دلدوز سڑک سڑک حادثے میں 28 سالہ نوجوان کی موت واقع ہوگئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع ڈوڈہ کے گنڈوہ بھلیسہ علاقے میں ملک پور چلی روڈ پر منگل کی صبح ایک ایکو وین ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر قریب پانچ سو فٹ گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں ڈرائیور کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔ ڈرائیور کی شناخت سجاد احمد وانی ولد محمد حسین وانی ساکن سونہ واری بھلیسہ کے بطور ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑی سونہ وارہ سے چلی جا رہی تھی کہ ملک پور کے نزدیک پہنچتے ہی ڈارئیور کے قابو سے باہر ہو کر کھائی میں جا گری۔ ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں گاڑی بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔ دریں اثنا ایک پولیس افسر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید کارروائیاں شروع کی ہیں۔

23 Feb 2021, 12:33 PM

متھرا میں کسان مہاپنچایت کا انعقاد، پرینکا گاندھی کریں گی شرکت

زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے حق میں لگاتار آواز اٹھا رہی کانگرس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی آج متھرا میں منعقد ہو رہی کسان مہا پنچایت میں شرکت کر رہی ہیں۔ پرینکا گاندھی یہاں کسان مہا پنچایت سے خطاب کرنے کے علاوہ بانکے بہاری کے مندر میں درشن کے لیے بھی جائیں گی۔

23 Feb 2021, 11:39 AM

کسان تحریک کے سبب یوپی میں ’ریپڈ ایکشن فورس‘ کی تعیناتی 26 فروری تک، وزارت داخلہ

مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے حکم جاری کرتے ہویے کہا گیا ہے کہ کسانوں کی جاریہ تحریک کے پیش نظر اتر پردیش میں ریپڈ ایکشن فورس کی تعیناتی میں 26 فروری تک توسیع کر دی گئی ہے۔

23 Feb 2021, 10:51 AM

کئی ریاستوں میں کورونا کی دوسری لہر کی دستک، احتیاطی اقدام لیے جانے کی توقع

ملک میں کورونا کا بحران پھر سے شدید ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 13 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں شفایابی حاصل کرنے والے افراد کے مقابلہ میں زیادہ نیے مریضوں کی تشخیص کی گئی۔ ان میں سے چار ریاستوں میں کورونا کی دوسری لہر نے دستک دے دی ہے۔ ان میں مہاراشٹر، پنجاب، جموں و کشمیر اور چنڈی گڑھ شامل ہیں۔ مہاراشٹر میں گزشتہ 10 دن، پنجاب میں 12، چنڈی گڑھ میں 10 اور جموں و کشمیر میں 7 دن سے لگاتار فعال کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔

دریں اثنا، ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10384 نئے مریضوں کی تشخیص کی گئی ہے۔ اس اثنا میں 13255 مریض شفایاب ہو گیے جبکہ 78 افراد لقمہ اجل بن گیے۔

23 Feb 2021, 10:07 AM

یومِ جمہوریہ تشدد کے سلسلہ میں مزید دو ملزمان جموں سے گرفتار

دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے یومِ جمہوریہ کے موقع پر دہلی میں ہونے والے تشدد کے سلسلہ میں مزید ود ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ اس سے قبل بھی پولیس نے دیپ سدھو سمیت کئی ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔

23 Feb 2021, 8:45 AM

نیویارک میں پانچ مارچ سے پچیس فیصد گنجائش کے حامل سینما ہال کھل سکتے ہیں

نیویارک: امریکہ کے صوبہ نیو یارک میں کورونا وبا کے تقریباً ایک سال بعد 5 مارچ سے 25 فیصد ناظرین کی گنجائش والے سینما ہال کھولے جائیں گے۔

صوبہ نیویارک کے گورنر اینڈریو کوآمو نے پیر کے روز ٹویٹ کرکے پابندی کو ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’’نیو یارک سٹی میں مووی تھیٹر 5 مارچ سے 25 فیصد کی گنجائش کے ساتھ دوبارہ کھل سکتے ہیں جس میں ہر اسکرین میں 50 سے زیادہ افراد شامل نہیں ہونگے‘‘۔ انہوں نے کہا ’’سنیما ہال میں بیٹھنے کے لئے معاشرتی فاصلے پر عمل اور صحت سے متعلق دیگر احتیاطی تدابیر نافذ ہونگی‘‘۔

کوآمو نے گذشتہ ہفتے کہا کہ اندرون خانہ تفریحی مراکز جیسے آرکیڈس، ٹرمپولین پارک اور لیزر ٹیگ کی سہولیات 26 مارچ سے دوبارہ شروع ہوسکتی ہیں جبکہ بیرونی تفریحی پارک نو اپریل سے محدود گنجائش پر دوبارہ کھل سکیں گے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

    next