اہم خبریں: سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود دہلی پہنچے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

18 Sep 2021, 11:22 PM

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود دو روزہ دورہ پر دہلی پہنچے

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود دو روزہ ہندوستان دورہ پر آج شام دہلی پہنچ گئے۔ سعودی وزیر خارجہ 19 ستمبر کو وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کریں گے۔ وہ 20 ستمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔

18 Sep 2021, 9:32 PM

’یہ تو شروعات ہے، ابھی بہت لوگ آنے والے ہیں‘، بابل سپریو کے ترنمول میں شامل ہونے پر ابھشیک بنرجی کا بیان

سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ بابل سپریو کے ترنمول کانگریس میں شامل ہونے کے بعد ترنمول کانگریس لیڈر ابھشیک بنرجی نے کہا ہے کہ ’’ابھی تو شروعات ہے، ابھی اور بہت لوگ آنے والے ہیں۔‘‘ یہاں قابل ذکر ہے کہ پہلے ہی کئی بی جے پی اراکین اسمبلی ترنمول کانگریس میں شامل ہو گئے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں لیڈران و کارکنان بھی اب تک بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کا دامن تھام چکے ہیں۔

18 Sep 2021, 6:31 PM

آئی آر ایس ڈاکٹر ششانک یادو کو 55 دن بعد ملی ضمانت

جے پور: راجستھان ہائی کورٹ نے بدعنوانی کے معاملہ میں گرفتار آئی آر ایس کے ڈاکٹر ششانک یادو کو 55 دن بعد ضمانت دے دی۔ عدالت نے 25-25 ہزار کی دو الگ الگ ضمانت اور پچاس ہزار کا مچلکہ پیش کرنے کی ہدایت کے بعد ڈاکٹر ششانک یادو کو جیل سے رہا کر دیا۔ ڈاکٹر ششانک یادو 23 جولائی سے جیل میں بند تھے۔

خیال رہے کہ انسداد بدعنوانی بیورو کی کوٹہ یونٹ نے گزشتہ 17 جولائی کو ہینگنگ برج ٹول ناکہ پر افیون نیمچ فیکٹری کے جنرل منیجر (ایڈیشنل چارج) ڈاکٹر ششانک کی گاڑی رکوا کر اچانک چیکنگ کی۔ ان کی گاڑی میں مٹھائی کے ڈبہ میں رکھے پندرہ لاکھ روپے اور لیپ ٹاپ کے بیگ اور پرس سے 1.32 لاکھ یعنی کل ملاکر 16 لاکھ 32 ہزار 410 روپے ضبط کئے۔ بیورو کی ٹیم نے ضبط رقم کے بارے میں پوچھ گچھ کی تو ملزم نے اطمینان بخش جواب نہیں دیا جس کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔


18 Sep 2021, 5:35 PM

اندور ، 18 ستمبر (یو این آئی) راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے سرسنگھ چالک ڈاکٹر موہن بھاگوت اگلے دو دن مدھیہ پردیش کے اندور میں قیام کریں گے۔
آر ایس ایس کے صوبائی سنگھ چالک ڈاکٹر پرکاش شاستری نے بتایا کہ 21 اور 22 ستمبر کو دو روزہ قیام کے دوران مسٹر بھاگوت اندور میں سماج کے معزز لوگوں سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات کے دوران مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بھائیوں ، بہنوں ، دانشوروں ، ماہرین تعلیم اور معاشرے کاروباری افراد سے رابطہ اور گفتگو کرے گا۔
مسٹر بھاگوت کورونا ہدایات کی وجہ سے یہاں اندور میں ان دو دنوں کے دوران عوامی طور سے کوئی بڑی میٹنگ نہیں کی جائے گی اور نہ ہی وہ اس طرح کے کسی پروگرام میں شامل ہوں گے۔

18 Sep 2021, 4:25 PM

یوپی حکومت کے دعوؤں کے برعکس اتر پردیش میں ’جرائم راج‘ عروج پر ہے، پرینکا گاندھی

کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے اتر پردیش کے نظم و نسق کی ابتر حالت کے حوالہ سے یوگی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’این سی آر بی کے اعدادوشمار کے مطابق خواتین اور دلتوں کے خلاف جرائم، قتل اور اغوا کے معاملوں میں اور پر تشدد جرائم کے معاملوں میں اتر پردیش سر فہرست ہے۔ یوپی حکومت کے دعوؤں کے برعکس اتر پردیش میں جرائم راج عروج پر ہے۔‘‘


18 Sep 2021, 2:39 PM

ایک دن میں 2.1 کروڑ لوگوں کی ٹیکہ پر راہل گاندھی کا اظہار اطمینان

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے گزشتہ روز ملک بھر کے 2.1 کروڑ لوگوں کی کورونا کے خلاف ٹکہ کاری انجام دئے جانے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’2.1 کروڑ ویکسینیشن والے مزید دنوں کا انتظار رہے گا۔ یہ وہ رفتار ہے جس کی ملک کو ضرورت ہے۔’’

18 Sep 2021, 12:53 PM

اداکار سونو سود 20 کروڑ سے زیادہ کی ٹیکس چوری میں شامل، محکمہ انکم ٹیکس کا الزام

اداکار سونو سود کے ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس کے چھاپوں کے بعد سینٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس (سی بی ڈی ٹی) نے کہا ہے کہ ان کی جانب سے 20 کروڑ روپے سے زیادہ کی ٹیکس چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ سی بی ڈی ٹی نے کہا کہ اداکار اور ان کے معاونین کے ٹھکانوں کی تلاشی کے دوران ٹیکس چوری سے متعلق کئی قابل اعتراض ثبوت برآمد ہوئے ہیں۔ ادارے نے کہا کہ اداکار نے فرضی تنظیموں اور غیر محفوظ قرض کے طور پر بے حساب رقومات جمع کی تھیں۔


18 Sep 2021, 11:22 AM

شیو سینا کسی کی پشت میں خنجر پیوست نہیں کرتی، سنجے راؤت

بی جے پی کے ساتھ ممکنہ اتحاد کے سوال پر شیو سینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے کہا، ’’مہاراشٹر حکومت نے 5 سال تک اقتدار میں رہنے کا عہد کیا ہے۔ شیو سینا اپنے وعدوں پر کام کرتی ہے۔ اگر کسی کو وزیر اعلیٰ سے متعلق ریمارکس پر حسد محسوس ہو رہی ہے تو اسے 3 سال تک برقرار رہنے دیں۔ شیوسینا کسی کی پشت میں خنجر پیوست نہیں کرتی۔‘‘

18 Sep 2021, 9:53 AM

ہندوستان میں کورونا کے 35 ہزار سے زیادہ مریض

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 35662 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک بھر میں اب کورونا کے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ 3 کروڑ 34 لاکھ 17 ہزار 390 ہو گئی ہے۔ یہ لگاتار تیسرا دن ہے، جب 30 ہزار سے زیادہ یومیہ مریض رپورٹ ہو رہے ہیں۔ گزشتہ روز 34403 مریضو رپورٹ ہوئے تھے۔ گزشتہ روز ملک بھر میں ریکارڈ 2.5 کروڑ ویکسین کی خوراکیں لوگوں کو دی گئی ہیں۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔