عید الاضحی کے موقع پر حیدرآباد کی عید گاہ میں لاکھوں کا اجتماع

حیدرآباد کی عید گاہ میں نمازیوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ڈاکٹر سیف اللہ نے اپنے خطاب میں زیادہ تر امت میں بگاڑ پر روشنی ڈالی اور اس کی اصلاح کے لئے زور دیا۔

سوشل میڈیا 
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

عید الاضحی کے موقع پر شہر حیدرآباد کی عید گاہ میرعالم پر منعقدہ سب سے بڑے روح پرور اجتماع میں فلسفہ،عظمت،مقاصداور پیام سنت ابراہیمی کی عمائدین ملت نے عالمانہ طرز و انداز میں تشریح کی۔فرزندان توحید کی لاکھوں کی تعداد نے ان کے خطابت سے بھر پور استفادہ کیا۔ساتھ ہی سماج اور معاشرہ کی بگڑتی صورتحال، دین سے دوری، اسلامی شعائر اور دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات،بے دینی کو فروغ دینے کی منظم کوششوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علما نے معاشرہ کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین، سرپرستوں، معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے تعاون طلب کیاتاکہ ہماری نئی نسل کا دینی اورتعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے۔

مولانا ڈاکٹر سیف اللہ شیخ الادب جامعہ نظامیہ حیدرآباد نے اپنے خطاب میں زیادہ تر امت میں بگاڑ پر روشنی ڈالی اور اس کی اصلاح کے لئے آگے آنے تمام پر زور دیا۔انہوں نے اتحاد امت کا بھی درس دیتے ہوئے اللہ اور رسول ﷺکے فرمان پر عمل کرتے ہوئے کامیابی کی سمت گامزن ہونے کی تلقین کی۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرنے کے لئے بیدار ہونا پڑے گا۔ مولاناڈاکٹر سیف اللہ نے نوجوانوں اور ان کے کردار پر نکتہ چینی کرتے ہوئے نوجوانوں کی نمازوں سے غفلت سے ہونے والے نقصانات سے بھی واقف کروایا۔انہوں نے کہاکہ نماز میں اگلی صفوں کی کافی اہمیت ہے۔ ہم کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ عید الاضحی میں ہمارے لئے اسوہ اور رول ماڈل ہے۔انہوں نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے قربانی کے پیام کو اجاگر کرتے ہوئے کہاکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام،ان کی بیوی بی بی ہاجرہ اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی مکمل حیات ہمارے لئے نمونہ عمل ہے۔


مولاناڈاکٹر سیف اللہ نے سماج او رمعاشرہ میں جڑ پکڑتی ہوئی برائیوں پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے ان کے سدباب کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان اپنے میں اخلاق اور کردار پیدا کریں کیونکہ دیکھنے میں یہ آرہا ہے کہ آج نوجوان اغیار کا شکار ہورہے ہیں اور اغیار کی طرح اپنا حلیہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی طرف لوٹ آئیں اور ان کے احکام پر عمل پیراہوکر اپنی زندگیوں کو بہتر بنائیں تب ہی ایک بہتر معاشرہ کی بنیاد ڈالی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے میں خوف خدا پیداکرنے کی ضرورت ہے۔ ہم میں خوف خدا نہیں ہے، اسی لئے ہر سو ہماری بربادی ہورہی ہے۔

اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے امیر امارات ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھراپردیش ورکن مسلم پرسنل لا بورڈ مولانا حسام الدین ثانی عامل جعفرپاشاہ نے کہا ہمیں امت کی صحیح رہبری کی ضرورت ہے۔ہمیں چاہئے کہ ہم صفوں میں اتحاد پیداکریں کیونکہ شیطان ہماری صفوں میں آکر انتشار پیداکر رہا ہے۔ انہوں نے قربانی کے پیام اور اس کی اہمیت کو اجاگر کیا اورکہاکہ قربانی صرف جانور کاگلا کاٹنے کا نام نہیں ہے،بلکہ قربانی کامطلب یہ ہے کہ اللہ میں تیرے لئے ہر قربانی دینے تیار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ بی بی ہاجرہ پر آزمائشیں آئیں۔ہر آزمائش کے لئے حضرت ابراہیم علیہ السلام کے گھر کا ہر فرد تیار تھا۔ مولانا جعفر پاشاہ نے عالمانہ انداز میں تشریح کرتے ہوئے سماج کے موجودہ حالات اور اس کی بُرائیوں کا بھرپوراحاطہ کیا اور مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ دین پر چلیں اور اپنے میں دینی مزاج پیداکریں۔


انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنے گھر والوں اور بچوں کو مختلف لعنتوں ہمیں بچانا چاہئے،ان میں دینی مزاج پید ا کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ ہمیں اپنے بچوں کو توبہ،استغفار اوراللہ کے احکامات پر چلنا سکھانا چاہئے۔اگر ہم موجودہ روش پر برقرار رہیں اور ہم اپنی اولاد کو دینی باتیں اور دین پر چلنا نہیں سکھائیں گے تو یہی ہماری اولاد کہے گی کہ ہمارے باپ نے ہم کو دین نہیں بتایا۔ہم باپ کے لئے مغفرت کی دعاکیسے کریں گے۔ مولانا نے نمازوں کی پابندی کی بھی تلقین کی۔نماز عید کے موقع پر لاکھوں مسلمانوں نے خالق ارض وسماکے سامنے اپنی جبینوں کو جھکایا۔ حافظ رضوان قریشی امام و خطیب مکہ مسجد نے عید گاہ میرعالم میں نماز عید کی امامت کی اور بعد ازاں رقت انگیز دعاکی۔ انہوں نے اپنے عربی خطبہ میں مسلمانان فلسطین، شام کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے ان کی حالت کی بہتری کے لئے دعا کی۔ عید گاہ میرعالم کے قریب وضو کے لئے پانی کا انتظام بھی کیا گیا تھا،واٹربورڈ کی جانب سے پینے کے پیکٹس فراہم کئے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔