لداخ: لیہہ میں کورونا سے مزید تین مریض از جان، لاک ڈائون میں توسیع

لداخ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 مریضوں کی کورونا وائرس سے موت واقع ہوئی جس کے بعد یہاں فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 176 تک پہنچ گئی ہے

کورونا وائرس / آئی اے این ایس
کورونا وائرس / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لیہہ: لداخ یونین ٹریٹری میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید تین مریضوں کی کورونا وائرس سے موت واقع ہوئی جس کے ساتھ یونین ٹریٹری میں کورونا سے فوت ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 176 تک پہنچ گئی ہے۔ فوت ہونے والے تینوں مریضوں کا تعلق ضلع لیہہ سے ہے۔

محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ لیہہ کے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ لداخ یونین ٹریٹری میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تین مریضوں کی کورونا سے موت واقع ہوئی، 211 مریض صحتیاب ہوئے جبکہ 131 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔


دریں اثنا کووڈ میڈیا بلیٹن کے مطابق لداخ یونین ٹریٹری میں اب تک کورونا وائرس کے 17 ہزار 277 کیسز سامنے آئے ہیں تاہم ایکٹو کیسز کی تعداد 1516 ہے جن میں سے 1280 لیہہ اور 236 کرگل میں ہیں۔ بلیٹن کے مطابق کورونا سے اب تک مرنے والے 176 مریضوں میں سے 128 کا تعلق ضلع لیہہ جبکہ 48 کا تعلق ضلع کرگل سے تھا۔

اس میں مزید کہا گیا ہے کہ 131 نئے کیسز میں سے 108 کا تعلق لیہہ اور باقی 23 کا تعلق کرگل سے ہے۔ دریں اثنا انتظامیہ نے لداخ یونین ٹریٹری میں جاری کورونا لاک ڈائون میں 7 جون کی صبح 7 بجے تک توسیع کی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔