سی بی آئی کی کارروائی کے خلاف ممتا بینرجی کا دھرنا  عدالت سے رجوع کر سکتی ہیں

مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بینرجی سی بی آئی کی کارروائی کو لے کر این ایس اے اجیت ڈووال پر جم کر برسیں اورکہا کہ وہ بنگال کو برباد کرنا چاہتے ہیں

سوشل میڈیا
i

کولکاتا پولیس نے سی بی آئی کے پانچ افسران کو حراست میں لے لیا ہے ، میئر بھی پولیس کے گھر پر پہنچے۔کولکاتا میں زبرد ست تناؤ کے بیچ وزیر اعلی ممتا بینرجی اور مغربی بنگال کے ڈی جی پی کولکاتا پولیس کمشنر کے گھر پہنچے ہیں ۔ خبر ہے کہ وہاں ہائی پاور میٹنگ ہوئی ہے ۔ ممتا بینرجی دھرنے پر بیٹھ گئی ہیں اور رات کو سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتی ہیں۔

واضح رہے کولکاتا میں سی بی آئی اور پولیس آمنے سامنے ہیں ۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلی نے صاف کہہ دیا ہے کہ کیونکہ وہ مودی حکومت کے خلاف اتحاد بنا نے میں مصروف ہیں اس لئے مرکز کے ذریعہ سی بی آئی کی کارروائی شروع کی گئی ہے ۔

مرکزی تفتیشی بیورو(سی بی آئی) کے چندافسران کو جنھیں کوکاتا پولس نے گرفتار کیا تھا ، رہا کردیا گیا ہے۔
سی بی آئی کے 40 افسران آج شام کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار کے گھر لوڈن اسٹیٹ پہنچے تھے۔ اس کے فورا بعد کولکاتا پولس کے افسران راجیو کمار کے گھر پہنچ گئے اور سی بی آئی کے افسران کو حراست میں لے کر شیکسپئر سرانی پولس اسٹیشن لے گئے۔ پہلے کولکاتا پولس کی جانب سے کہا گیا تھا کہ مرکزی جانچ ایجنسی کے پانچ افسران کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔

دوسری جانب مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ ممتا بنرجی حکومت آئینی بحران پیدا کررہی ہے۔سی بی آئی نے الزام عاید کیا ہے کہ کلکتہ پولس کے افسران نے کلکتہ میں واقع سی بی آئی کے دونوں دفاتر کا محاصر ہ کرلیا ہے۔سی بی آئی کو اندیشہ ہے کہ کلکتہ پولس شواہد کوبرباد کرسکتی ہے۔وہیں سی بی آئی نے کہا ہے کہ وہ راجیو کمار کے گھر گرفتار کرنے نہیں

کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار کو چٹ فنڈ گھپلہ معاملے میں سی بی آئی کے ذریعہ گرفتار کرنے کی کوششوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیرا علیٰ ممتا بنرجی دھرم تلہ میں واقع میٹرو چینل پر دھرنے پر بیٹھ گئی ہیں۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ وہ جمہوریت کو بچانے کے لئے یہ دھرنا دے رہی ہیں۔ خیال رہے کہ 13سال قبل ممتا بنرجی نے اسی جگہ پر یکم دسمبر 2006 کو بنگال میں حصول اراضی کے خلاف طویل ترین 26 دن بھوک ہڑتال پر بیٹھی تھیں۔ اسی دھرنے کے بعد ہی ممتا بنرجی بنگال میں مقبول ہوئی تھیں۔

شاردا چٹ فنڈ گھپلہ کی جانچ نے آج اس وقت ڈرامائی شکل اختیار کرلی جب سی بی آئی کے افسران کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار کو گرفتار کرنے پہنچے مگر کولکاتا پولس نے سی بی آئی کے افسران کو ہی حراست میں لے لیا۔

ذرائع کے مطابق سی بی آئی کے افسران آج شام کولکاتا پولس کمشنر راجیو کمار کو گرفتار کرنے کے لئے ان کے گھر پہنچے تھے۔ یہ خبر ملتے ہی وزیرا علیٰ ممتا بنرجی بذات خود بنگال پولس کے اعلیٰ افسران کے ساتھ راجیو کمار کے گھر پہنچ گئیں اور کولکاتا پولس کے اہلکاروں نے راجیو کمار کے گھر کا محاصرہ کرلیا۔ راجیو کمار کے گھر پہنچے سی بی آئی کے افسران کو جبراً حراست میں لے کر شیکسپئر سرانی تھانے میں لے جایا گیا۔ کولکاتا پولس کے ذرائع کے مطابق سی بی آئی کے پانچ افسران کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

وزیرا علیٰ ممتا بنرجی تادم تحریر راجیو کمار کے گھر میں موجود ہیں اور سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کر رہی ہیں۔ دوسری جانب کولکاتا پولس اہلکاروں نے سی بی آئی کے دفتر سی جی او کمپلیکس کا محاصرہ کرلیا ہے۔

دہلی میں سی بی آئی کی میٹنگ ہورہی ہے۔

سی بی آئی شاردا چٹ فنڈ گھپلہ کے معاملے میں راجیو کمار سے پوچھ تاچھ کرنا چاہتی تھی۔ انہیں متعدد مرتبہ نوٹس دیا گیا تھا مگر وہ نوٹس کا جواب نہیں دے رہے تھے۔

1989 بیچ کے آئی پی آفیسر راجیو کمار جو وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کے قریبی ہیں شاردا چٹ فنڈ گھپلہ اور روز ویلی چٹ فنڈ گھپلہ کی جانچ کیلئے قائم ایس آئی ٹی کے سربراہ تھے۔ 2014میں سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد ان گھپلوں کی جانچ کی ذمہ داری سی بی آئی نے لی تھی۔

شاردا چٹ فنڈ گھپلہ سامنے آنے کے بعد وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے 2013 میں ایس آئی ٹی قائم کی تھی ۔2013میں ہی شاردا گروپ بند ہوگیا تھا۔ اس گروپ نے بڑے پیمانے پر کئی ریاستوں میں غریب عوام سے رقم وصول کی تھی۔

جانچ ایجنسی سی بی آئی کو شاردا چٹ فنڈ گھوٹالہ کی جانچ کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے راجیو کمار سے کچھ دستاویز کی ضرورت ہے۔ راجیو کمار گزشتہ کئی دنوں سے منظر نامے سے غائب ہیں۔ گزشتہ منگل کو آخری مرتبہ کولکاتا انٹر نیشنل کتاب میلہ کے افتتاح میں نظر آئے تھے۔اس پروگرام میں وزیر اعلیٰ موجود تھیں۔اس کے بعد راجیو کمار کولکاتا پولس کے اسٹال پر بھی گئے جہاں وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کی کئی کتابیں منظر عام پر رکھی گئی تھیں۔

اس کے بعد سے ہی راجیو کمار نظر نہیں آرہے ہیں۔ یہاں تک کہ الیکشن کمیشن کی طلب کردہ میٹنگ میں بھی پیش نہیں ہوئے۔ اس کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے بنگال حکومت کو نوٹس بھی جاری کیا تھا۔ جسے بعد میں وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے معافی مانگ کرمعاملہ کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Feb 2019, 10:09 PM