کولکاتا دُرگا پوجا پنڈال واقعہ: کسی کی پسلیاں ٹوٹیں، کسی کے پھیپھڑے میں ہوا سوراخ، مہلوکین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آئی سامنے

درگا پوجا پنڈال میں بھگدڑ کی وجہ سے کئی لوگ دب گئے تھے، جس سے ان کی موت ہو گئی۔ کئی لوگوں کی موت دم گھٹنے کی وجہ سے بھی ہوئی تھی۔

<div class="paragraphs"><p>کولکاتا میں درگا پوجا پنڈال حادثہ کے بعد کا منظر، تصویر سوشل میڈیا</p></div>
i

کولکاتا کے درگا پوجا پنڈال میں ہوئی بھگدڑ کے بعد 19 لوگوں کی موت ہو گئی تھی، جبکہ درجنوں زخمی ہوئے تھے۔ اس حادثہ کے بعد مہلوکین کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا تھا، جس کی رپورٹ اب سامنے آ گئی ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کئی انکشافات ہوئے ہیں اور پتہ چلا ہے کہ کسی کی پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں اور کسی کے پھیپھڑے میں سوراخ ہو گیا تھا۔

دراصل درگا پوجا پنڈال کا ایک حصہ مبینہ طور پر لوگوں کی زبردست بھیڑ کے سبب ٹوٹ گیا تھا، جس سے بھگدڑ والی حالت پیدا ہو گئی تھی۔ اس بھگدڑ میں کئی لوگ زمین پر گر گئے تھے اور دوسرے افراد بھاگتے ہوئے ان پر چڑھتے ہوئے گزر گئے۔ غالباً اسی وجہ سے ہلاک ہونے والے کچھ لوگوں کی پسلیاں ٹوٹ گئیں۔ کئی لوگ اس بھگدڑ کے دوران دم گھٹنے سے بھی ہلاک ہوئے۔


یہ حادثہ چور باغان درگا پوجا پنڈال میں ہفتہ کی شام پیش آیا تھا۔ مہلوکین کی پوسٹ مارٹم رپورٹ دیکھنے کے بعد پتہ چلتا ہے کہ بیشتر لوگوں کی موت سینے پر دباؤ پڑنے اور دم گھٹنے کی وجہ سے ہی ہوئی ہے۔ طبی ماہرین نے اسے ’ٹرامیٹک ایسفکسیا‘ بتایا ہے، جس میں سینے پر شدید دباؤ کے سبب سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ حادثہ کے دوران کئی لوگ وہاں گر گئے تھے اور بھیڑ انھیں کچلتی ہوئی آگے بڑھنے کی کوشش کر رہی تھی۔ بھیڑ سے پیروں تلے دبے لوگوں کی چھاتی پر اتنا زیادہ دباؤ پڑا کہ ان کے لیے سانس لینا مشکل ہو گیا۔ سینے پر لگاتار دباؤ پڑنے سے ان کے پھیپھڑے ٹھیک سے پھیل نہیں سکے اور سانس لینے میں انھیں دقت ہونے لگی۔

پوسٹ مارٹم کے دوران کئی لاشوں کے اندرونی اعضا میں بھی سنگین چوٹیں ملی ہیں۔ سینے پر زیادہ دباؤ پڑنے سے کچھ لوگوں کے جسم میں انٹرنل بلیڈنگ (داخلی طور پر خون بہنا) ہوئی اور اعضا کو نقصان پہنچا۔ کچھ مہلوکین کو پھیپھڑوں، پیٹ، گردہ، پینکریاز اور سر میں بھی چوٹیں پائی گئی ہیں۔ حالانکہ افسران نے واضح کیا ہے کہ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کی بنیاد پر ہی فوری ریزلٹ جاری کیے گئے ہیں۔ موت کی حقیقی وجہ کی تصدیق تفصیلی اور حتمی پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی ہو سکے گی۔


بہرحال، اس حادثہ کے بعد وزیر اعلیٰ سویندو ادھیکاری نے فوری جانچ کا حکم صادر کر دیا تھا۔ حادثہ کے بعد پوجا کمیٹی کے جنرل سکریٹری اور دیگر عہدیداروں نے استعفیٰ بھی دے دیا تھا۔ اس دردناک واقعہ کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا تھا کہ شام تقریباً 7.30 بجے سے 8.00 بجے کے درمیان حادثہ ہوا جس میں 19 لوگوں کی موت ہوئی اور 25 افراد زخمی ہوئے۔ ان میں ایک یا دو زخمیوں کی حالت سنگین بتائی گئی۔ ابتدائی جانکاری کے مطابق کلب کی طرف سے مائک پر اعلان کے بعد بھگدڑ یا دم گھٹنے جیسی یہ حالت بنی تھی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔