کھڑگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے ’یومِ بہار‘ پر دی مبارکباد، تاریخی ورثے کو سراہا

کانگریس صدر کھڑگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی نے یوم بہار پر ریاست کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے بہار کی علمی، ثقافتی اور تاریخی اہمیت کو اجاگر کیا اور ترقی میں کردار کی امید ظاہر کی

<div class="paragraphs"><p>کانگریس صدر کھڑگے اور راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے یوم بہار کے موقع پر ریاست کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بہار کی عظیم تہذیبی، علمی اور تاریخی روایت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ملکارجن کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ جمہوریت کی مقدس سرزمین بہار علم، روایت اور تہذیب کی علامت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی دھرتی سے مہاتما گاندھی نے انگریزی حکومت کے خلاف عوام کی آواز کو نئی سمت دی تھی۔ کھڑگے نے بہار کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مسلسل اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔


راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں بہار کو ہندوستان کا ’علمی سرمایہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ریاست اپنی شاندار تاریخ اور ثقافت کے ذریعے ہمیشہ ملک کی رہنمائی کرتی آئی ہے۔ انہوں نے یوم بہار کے موقع پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اس روایت کے تسلسل کی خواہش ظاہر کی۔

پرینکا گاندھی نے بھی بہار کے قیام کے دن پر اپنے پیغام میں ریاست کے تمام بہن بھائیوں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ بہار علم، روایت، محنت، محبت، انقلاب اور روحانیت کی سرزمین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی کی جدوجہد سے لے کر ملک کی تعمیر تک بہار کے عوام نے نمایاں کردار ادا کیا ہے اور آج بھی ان کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ پرینکا گاندھی نے اس موقع پر ریاست کے عوام کے لیے خوشحالی اور کامیابی کی دعا کی۔

واضح رہے کہ یوم بہار کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سمیت مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے بھی مبارکباد کے پیغامات جاری کیے۔ وزیر اعظم مودی نے اپنے بیان میں کہا کہ بہار کی سرزمین نے صدیوں سے ملک کو سمت دی ہے اور آج بھی یہ ترقی کے نئے ابواب رقم کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ایک ترقی یافتہ بہار، ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔