کیرلم کے نومنتخب وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیسن کی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات
وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیسن نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’آج صبح وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوئی اور کیرلم سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔‘‘

کیرلم کے نومنتخب وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیسن نے منگل (26 مئی) کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی پہلی آفیشیل میٹنگ کی۔ اس میٹنگ کے دوران ستیسن نے وزیر اعظم کو ’کتھاکلی‘ رقاص کا لکڑی کا ایک مجسمہ پیش کیا جو کیرلم کے شاندار ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔ یہ میٹنگ کانگریس کی قیادت والی یونائٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کے 10 سال بعد کیرلم میں دوبارہ اقتدار میں لوٹنے کے کچھ ہی دنوں بعد ہوئی ہے۔
وی ڈی ستیسن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر وزیر اعظم مودی سے ملاقات کی تصاویر پوسٹ کیں۔ انہوں نے لکھا کہ ’’آج صبح وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات ہوئی اور کیرلم سے متعلق مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ میں نے وزیر اعظم سے کیرلم کی مستقبل کی ترقی کے لیے مرکزی حکومت سے ہر ممکن مدد اور تعاون کی درخواست کی۔‘‘
واضح رہے کہ ستیسن نے 18 مئی کو ترواننت پورم کے سنٹرل اسٹیڈیم میں منعقدہ ایک تقریب میں ریاست کے 13 ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔ گورنر راجیندر وشوناتھ آرلیکر نے حامیوں، پارٹی کارکنان اور سیاسی لیڈران کی موجودگی میں ستیسن اور ان کی کابینہ کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ وزیر اعلیٰ کے ساتھ 20 وزراء نے بھی حلف لیا، جن میں 14 پہلی بار وزیر بنے، 2 خاتون وزراء اور درج فہرست ذات برادری کے 2 نمائندے شامل تھے۔ یو ڈی ایف نے ریاست میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی، سرمایہ کاری، روزگار کی فراہمی اور فلاحی پروگراموں کو اپنی اہم ترجیحات میں شامل کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کون ہیں کیرلم کے نئے وزیر اعلیٰ وی ڈی ستیسن؟ آئیے جانتے ہیں
قابل ذکر ہے کہ 9 اپریل کو ہوئے اسمبلی انتخاب میں یو ڈی ایف نے فیصلہ کن جیت درج کی۔ 140 اراکین والی اسمبلی میں اس اتحاد نے 102 سیٹیں جیتیں، جبکہ لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ کو 35 سیٹیں ملیں اور بی جے پی نے 3 سیٹیں جیتیں۔ واضح رہے کہ نئی کابینہ میں وزیر اعلیٰ ستیسن نے مالیات، قانون، بندرگاہ، ہوائی اڈے، ریلوے، میٹرو ریل اور آلودگی پر قابو پانے جیسے اہم محکمے اپنے پاس رکھے ہیں۔ ان کی وزیر اعظم مودی سے یہ ملاقات ریاست کے لیے مرکز سے ملنے والی امداد کے لحاظ سے انتہائی اہم مانی جا رہی ہے۔
