کیجریوال نے وعدے پورے نہ کرنے کا اعتراف کیا، عوام سے ایک اور موقع کی اپیل
اروند کیجریوال نے 2020 میں یمنا کی صفائی اور 24 گھنٹے صاف پانی کی فراہمی جیسے وعدے پورے نہ کرنے کا اعتراف کیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ انہیں ایک اور موقع دیا جائے

اروند کیجریوال (فائل) / ویڈیو گریب
دہلی میں اسمبلی انتخابات سے قبل سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے یہ قبول کر لیا ہے کہ 2020 میں کیے گئے اپنے تینوں وعدوں کو وہ پانچ سال میں مکمل نہیں کر پائے ہیں۔ کیجریوال کے ذریعہ کیے گئے وعدے میں یمنا کی صفائی بھی شامل ہے۔ گزشتہ انتخاب میں انہوں نے کئی مواقع پر خود کو یہ چیلنج دیا تھا اور کہا تھا کہ اگر وہ پانچ سال میں یمنا کو ڈبکی لگانے لائق نہیں بنا پائے تو 2025 میں انہیں ووٹ نہیں دیا جائے۔ کیجریوال نے کہا کہ وہ عوام کے سامنے قبول کریں گے کہ وعدہ پورا نہیں ہو پایا ہے اور اس کے لیے انہیں ایک موقع اور دیا جائے۔
'انڈیا ٹوڈے' کی ایک تقریب میں عآپ کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے اپنے ادھورے وعدوں کی بات قبول کی۔ ان سے پوچھا گیا کہ آپ نے گارنٹی دی تھی کہ یمنا صاف کر دیں گے اور نہ کرسکے تو 2025 میں ووٹ مت دینا۔ اس پر کیجریوال نے کہا "جی میں مانتا ہوں، میں نے گزشتہ انتخاب میں تین وعدے کیے تھے۔ میں نے کہا تھا یمنا صاف کر دوں گا، میں نے کہا تھا ہر گھر میں ٹوٹی سے صاف پانی آئے گا اور تیسرا میں نے کہا تھا کہ دہلی کی سڑکوں کو یورپ کی سڑکوں جیسی بنا دیں گے، میں ایسا نہیں کر سکا"۔
کیجریوال نے آگے کہا کہ وہ عوام کے درمیان جاکر قبول کریں گے کہ وہ ان تینوں کاموں کو پورا نہیں کر پائے۔ انہوں نے کہا "لیکن میرے پاس دوسرا پلان ہے، پیسہ ہے، ایک موقع اور دیجیے، اگلے پانچ سال میں ضرور پورا کر دوں گا۔" انہوں نے کہا کہ پہلے کورونا اور پھر پارٹی کے بڑے رہنماؤں کے جیل جانے کی وجہ سے وہ ان وعدوں کو پورا کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔
غور طلب ہے کہ 2020 کے اسمبلی انتخابات میں اروند کیجریوال نے جن وعدوں پر لوگوں سے ووٹ مانگا تھا اس میں یمنا صفائی اور 24 گھنٹے گھر-گھر پینے کا صاف پانی پہنچانے کا وعدہ سب سے اہم تھا۔ اروند کیجریوال نے یمنا صفائی کا چیلنج قبول کرتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا تھا کہ اگر وہ پانچ سال میں یمنا صاف نہیں کر پائے تو 2025 میں انہیں ووٹ نہ دیا جائے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں انہوں نے کہا تھا "جیسے ابھی کوئی کہہ رہا ہے تھا کہ یمنا صاف نہیں کی میں نے، 2025 تک نہ کروں تو ووٹ مت دینا۔ 5 سال کا ٹائم چاہیے۔ 5 سال میں نہ کریں تو اگلی بار ووٹ مت دینا۔ میں نے دہلی میں 10 بار کہا ہے- اگر میں 2025 تک یمنا صاف نہ کروں، اگلی بار مجھے ووٹ مت دینا۔" ایک دیگر چینل پر انہوں نے کہا تھا کہ وہ 2025 میں انتخاب سے قبل یمنا میں ڈبکی لگاکر دیکھائیں گے اور اگر ایسا نہ کریں تو انہیں ووٹ نہ دیا جائے۔"
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔