کٹھوعہ-اُناؤ عصمت دری: لندن میں مقیم ہندوستانی طلبا نے لکھا نریندر مودی کو خط

وزیر اعظم نریندر مودی منگل سے لندن کا دورہ کرنے والے ہیں جس کے پیش نظر وہاں موجود ہندوستانی طلبا نے ہندوستان میں بچیوں کے ساتھ ہو رہی درندگی کے تعلق سے خط لکھ کر کارروائی کا مطالبہ کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

17 اپریل کو وزیر اعظم نریندر مودی کا دورۂ لندن شروع ہونے والا ہے اور اس سے ٹھیک پہلے وہاں مقیم ہندوستانی طلبا کی تنظیم ’نیشنل اسٹوڈنٹس اینڈ الومنی یونین‘ (این آئی ایس اے یو) نے ان کے نام خط لکھا ہے۔ اس خط میں کشمیر، اتر پردیش اور گجرات میں عصمت دری کے ہوئے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے پوچھا گیا ہے کہ ان میں جلد اور صحیح انصاف یقینی بنانے کے لیے وہ کیا قدم اٹھانے والے ہیں۔ خط میں ہندوستان میں نابالغ لڑکیوں کے ساتھ بڑھتے عصمت دری کے واقعات پر روک لگانے کی بات کہی ہے اور اس طرح کے حادثات کے تئیں اظہارِ فکر بھی کیا ہے۔ گزشتہ دنوں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ان معاملوں میں انصاف ہوگا۔ خط میں اس تعلق سے پوچھا گیا ہے ’’کب اور کیسے؟‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی چار دنوں کے لندن دورہ پر پہنچنے والے ہیں اور اس سے پہلے طلبا نے لندن واقع ہندوستانی ہائی کمیشن کے ذریعہ وزیر اعظم کو یہ خط سونپا۔ طلبا نے لکھا ہے ’’معزز وزیر اعظم، آپ ماضی میں بھی نوٹ بندی جیسے مشکل اور غیر معمولی فیصلے لینے سے پیچھے نہیں ہٹے۔ اسی طرح کچھ کیجیے جس سے ثابت ہو کہ آپ ہندوستانی بیٹیوں کے لیے بھی کچھ کرنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ کوئی سخت فیصلہ لیں اور اس طرح کے واقعات میں اپنی خاموشی توڑیں۔‘‘

کٹھوعہ-اُناؤ عصمت دری: لندن میں مقیم  ہندوستانی طلبا نے لکھا نریندر مودی کو خط

الومنی یونین کے طلبا نے مودی سے گزارش کی کہ بدھ کو جب وہ لندن میں ہندوستان کی بات سب کے ساتھ کریں تو اس سلسلے میں بھی کچھ اعلان کریں۔ طلبا نے لکھا ہے ’’ملزمین کو ان کے رسوخ کے سبب بچنے نہ دیں۔ آپ جب یہاں اپنے پروگرام سے مخاطب ہوں تو دنیا کو بتائیں کہ وہ طریقہ کار کیا ہیں۔‘‘ خط پر این آئی ایس اے یو کے علاوہ 19 دیگر طلبا تنظیموں کے دستخط ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Apr 2018, 7:34 PM