کشمیر: برف باری کے بعد سردیوں کی شدت میں ایک بار پھر اضافہ

محکمہ موسیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں حالیہ برف باری کے بعد مطلع صاف رہنے کی وجہ سے سردیوں کی شدت میں ایک بار اضافہ درج ہوا ہے۔ بتادیں کہ ہفتے کے روز ہونی والی برف باری کے بعد وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی تھی جس سے لوگوں کو رواں چلہ کلان کے دوران پہلی بار ٹھٹھرتی سردیوں سے قدرے راحت نصیب ہوئی تھی۔

محکمہ موسیات کے ایک ترجمان کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ بتادیں کہ سری نگر میں 14 جنوری کو رواں سیزن کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا اور جس سے سردیوں کا پچیس سالہ پرانا ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔


وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 11.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.1 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

دریں اثنا وادی میں پیر کے روز موسم خشک مگر ابر آلود رہا اور ٹھٹھرتی شبانہ سردیوں کے باعث جہاں آبی ذخائر مسلسل منجمد ہی رہے وہیں سڑکوں پر کہر لگنے کی وجہ سے صبح کے وقت ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل میں خلل واقع ہوئی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں سے اگرچہ برف کو ہٹایا گیا ہے لیکن کناروں اور گلی کوچوں میں جمع برف راہگیروں کے لئے خطرے کا باعث بن گیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں سردیوں کے بادشاہ چالیس روزہ چلہ کلان کی حکومت کا آخری مرحلہ چل رہا۔


اہلیان وادی کا ماننا ہے کہ چلہ کلان نے رواں سیزن کے دوران برسوں بعد اپنی بھر پور طاقت کا مظاہرہ کرکے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار کر دیا۔ چلہ کلان کا دور حکومت 31 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا اور اس کے بعد 20 روزہ چلہ خورد تخت نشین ہوگا تاہم چلہ خورد میں سردیوں کے زور میں کمی واقع ہوجاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔