کشمیر: موسمی صورتحال دگرگوں، 14 مئی تک موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی

وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق موسمی صورتحال گذشتہ دو دنوں سے مسلسل دگرگوں ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 18 مئی تک موسم ناساز رہنے کا امکان ہے

کشمیر کا موسم / تصویر یو این آئی
کشمیر کا موسم / تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: وادی کشمیر میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق موسمی صورتحال گذشتہ دو دنوں سے مسلسل دگرگوں ہے۔ متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں 18 مئی تک موسم ناساز رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران وادی میں 12 سے 14 مئی تک موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں تاہم بعد میں 18 مئی تک کہیں کہیں بارشیں ہونے کی توقع ہے۔

دریں اثنا وادی میں بدھ کے روز بھی موسمی صورت حال دگرگوں رہی۔ مطلع پر دن بھر گہرے بادل چھائے رہے جبکہ کہیں کہیں رک رک کر بوندا باندی بھی ہوئی۔

وادی میں ناساز موسمی حالات کے باعث لوگ قدرے سردی محسوس کر رہے ہیں اور دیہی علاقوں میں لوگوں کو موسم سرما میں سردی سے بچنے کے لئے استعمال کئے جانے والے روایتی لباس ’پھیرن‘ میں ملبوس دیکھا گیا جبکہ میدانی علاقوں میں بھی لوگوں نے قدرے گرم لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 12.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت 5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 9.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ کشمیر کے گیٹ وے ٹاؤن سے جانے والے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 12.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ جنوبی کشمیر کے ککرناگ میں کم سے کم درجہ حرارت 10.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔