کشمیر: بڈگام میں مسلح تصادم، ایک ملی ٹینٹ ہلاک

وسطی ضلع بڈگام کے موچھو علاقے میں ایک شبانہ مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک ملی ٹینٹ کو ہلاک کیا ہے

کشمیر میں تصادم کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
کشمیر میں تصادم کی فائل تصویر / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری نگر: وسطی ضلع بڈگام کے موچھو علاقے میں ایک شبانہ مسلح تصادم کے دوران سکیورٹی فورسز نے ایک جنگجو کو ہلاک کیا ہے۔ جموں و کشمیر پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ضلع بڈگام کے موچھو میں ہفتے کی علی الصبح ہونے والے ایک مسلح تصادم کے دوران ایک جنگجو کو ہلاک کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا: 'موچھو بڈگام میں ایک عدم شناخت دہشت گرد مارا گیا۔ ایک اے کے 47 اور ایک پستول برآمد ہوئی ہے۔ تلاشی آپریشن جاری ہے'۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع بڈگام کے موچھو علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر جموں و کشمیر پولیس، فوج کی راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف نے جمعے کی رات دیر گئے مذکورہ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔


انہوں نے بتایا کہ ایک مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوئوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور تصادم شروع ہوا۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ محاصرے میں پھنسنے والے جنگجوئوں کو خودسپردگی اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آخری اطلاعات ملنے تک مسلح تصادم میں ایک جنگجو کو مارا جا چکا تھا جس کی لاش برآمد کی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔