کشمیر: بڈگام میں اجتماعی نکاح کی تقریب، 11 جوڑے ازدواجی زندگی میں منسلک

وسطی کشمیر کے قصبہ بڈگام میں واقع حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میں بدھ کے روز گیارہ جوڑوں کی انتہائی سادگی کے ساتھ ایک اجتماعی نکاح خوانی کی تقریب کے دوران نکاح پڑھا گیا

تصویر بشکریہ دی کشمیر والا
تصویر بشکریہ دی کشمیر والا
user

یو این آئی

سری نگر: وسطی کشمیر کے قصبہ بڈگام میں واقع حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میں بدھ کے روز گیارہ جوڑوں کی انتہائی سادگی کے ساتھ ایک اجتماعی نکاح خوانی کی تقریب کے دوران نکاح پڑھا گیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے شعبہ ترویج عقد و نکاح کے اہتمام سے حوزہ علمیہ جامعہ باب العلم میر گنڈ بڈگام میں اجتماعی نکاح خوانی کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں گیارہ جوڑوں کی انتہائی سادگی کے ساتھ نکاح خوانی عمل میں لائی گئی۔


تقریب میں انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کے علاوہ متعدد علمائے دین نے شرکت کی جن میں آغا سید محمد عقیل الموسوی الصفوی، آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی، سید محمد حسین الموسوی، سید یوسف الموسوی، سید محمد حسین صفوی وغیرہ شامل ہیں۔

اس موقع پر علمائے دین نے قرآن و سنت کی نگاہ میں رشتہ ازدواج کے حقیقی مفہوم اور اہمیت و افادیت بیان کی۔ علمائے دین نے معاشرہ میں رائج شادی بیاہ کے غیر شرعی اور غیر اخلاقی رسومات کو معاشرے کے لئے سم قاتل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان رسومات بد کا قلع قمع کرنے کے لئے عملی اقدامات نہیں کئے جاتے تو مستقبل میں عقد و نکاح کی سنت کو قائم رکھنا ایک کارے دارد والا معاملہ بن جائے گا۔


علمائے دین نے سادگی اور کمر شکن لین دین سے پاک شادیوں کو حالات اور وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ اس موقع پر آغا سید حسن نے مناسب عمر میں ازدواجی رشتوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ عقد و نکاح کو رسومات سے بہرحال مبرا کرنے کی ناگزیر ضرورت ہے اور اس حوالے سے پیارے نبی (ص) کی بیٹی حضرت الزہرا کی شادی ہمارے لئے نقش راہ ہے۔

انہوں نے میاں بیوی کے حقوق اور فرائض کی وضاحت کرتے ہوئے نو شادی شدہ جوڑوں کو تلقین کی کہ کامیاب اور اطمینان بخش ازدواجی رشتوں کا راز اس بات میں مضمر ہے کہ خاوند ہر سطح پر بیوی کے حقوق اور زوجہ ہر سطح پر شوہر سے متعلق اپنے فرائض کے احساس کو زندہ رکھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔