’كارتی چدمبرم کی گرفتاری بدلے کی کارروائی‘

کانگریس نے اس گرفتاری کو بدلے کی کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی بدلے کی نیت سے اپنے مخالفین کو نشانہ بنا رہی ہے لیکن وہ عوام تک سچائی پہنچانے سے نہیں روک پائے گی۔

تصویر سوشل میدیا
تصویر سوشل میدیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: مرکزی تفتیش بیورو (سی بی آئی) آئی این ایکس میڈیا منی لانڈرنگ معاملہ میں سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کے بیٹے كارتی چدمبرم کو (آج) بدھ کی صبح چنئی ایئر پورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے۔

سی بی آئی ذرائع نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ كارتی چدمبرم کوچنئی سے گرفتار کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ كارتی تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے تھے۔

اس سے قبل 19 جنوری کو کارتی چدمبرم سے ای ڈی نے تقریباً 11 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔ ای ڈی نے مئی 2017 میں کارتی اور دیگر افراد کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔

کارتی پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹیکس سے متعلق جانچ سے بچنے کے لئے پیٹر اور اندرانی مکھرجی کے مالکانہ حق والی میڈیا کمپنی آئی این ایکس سے مبینہ طور پر رقم حاصل کی۔ وہیں کارتی اور ان کے والد پی چدمبرم نے ان کے خلاف عائد کئے گئے الزامات کو غلط قرار دیا ہے۔

کانگریس کے سینئر رہنما نے کارتی چدمبرم کی گرفتاری پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’’کارتی جدمبرم کو چنئی ایئر پورٹ پر لینڈ کرتے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ ایئر پورٹ پر پہنچتے ہی گرفتار کر لینا مضحکہ خیز ہے، وہ نیرو مودی کی طرح ہندوستان سے بھاگنے کی کوشش نہیں کر رہے تھے۔ کارتی چدمبرم سی بی آئی کو تعاون کر رہے تھے، سی بی آئی کو انہیں سمن بھیجنا چاہئے تھا۔‘‘

اس معاملہ میں سیاسی میدان میں بھی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ اس معاملہ پر رد عمل پیش کرتے ہوئے کانگریس ترجمان پرینکا چترویدی نے کہا کہ اپنی بدعنوانی کو چھپانے کا مودی حکومت کا یہ کلاسیکل طریقہ ہے جس کا ہر دن پردہ فاش ہو رہا ہے۔ چاہے وہ نیرو مودی، میہل چوکسی یا پھر دوارکا داس سیٹھ جویلرس کا معاملہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی بدلے کی نیت سے اپنے مخالفین کو نشانہ بنا رہی ہے لیکن وہ کانگریس کو عوام تک سچائی پہنچانے سے نہیں روک پائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Feb 2018, 10:38 AM