کرناٹک: ریلوے اسٹیشن کی دیواروں پر ’ہرا رنگ‘ کرنے سے ہندو تنظیمیں ناراض، مسلمانوں کو خوش کرنے کی کوشش قرار دیا

ہندو تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اگر 15 دن کے اندر سبز رنگ کو نہ ہٹایا گیا تو پورے ریلوے اسٹیشن کو بھگوا رنگ سے پوت دیا جائے گا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کلبرگی (کرناٹک): کلبرگی ریلوے اسٹیشن کی دیواروں پر ہرا رنگ کئے جانے کے خلاف ہندو تنظیموں نے منگل کو احتجاج کیا اور حکام کو اسے ہٹانے کا الٹی میٹم دے دیا۔ تنظیموں نے خبردار کیا ہے کہ اگر 15 دن کے اندر سبز رنگ کو نہ ہٹایا گیا تو پورے ریلوے اسٹیشن کو بھگوا رنگ سے پوت دیا جائے گا۔ حکام نے ریلوے اسٹیشن کے سامنے کے حصہ کا رنگ کرنے کا کام اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔

اس وقت ریلوے اسٹیشن کی دو دیواروں پر سبز رنگ کیا گیا ہے۔ ہندو جاگرن ویدک کارکنوں نے ریلوے اسٹیشن کے احاطے میں دھرنا دیا اور افسران کے خلاف نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا مسلمانوں کو خوش کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ ایک ہندو کارکن لکشمی کانت سادھوی نے کہا کہ ریلوے اسٹیشن کی عمارت کو سبز رنگ کے علاوہ کسی اور رنگ سے پینٹ کیا جانا چاہیے۔ کنڑ پرچم کے پیلے اور سرخ رنگوں کو بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ورنہ ریلوے کی عمارت زعفرانی رنگ میں رنگ دی جائے گی۔


احتجاج کے بعد ریلوے حکام نے پینٹنگ کا کام روک دیا ہے۔ انہوں نے موجودہ سبز پینٹ پر ایک اور کوٹ بھی لگایا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پینٹنگ اعلیٰ حکام کے حکم پر کی گئی ہے۔ یہ پینٹنگ آرکیٹیکٹس کی تجویز پر کی گئی تھی۔ کلبرگی ریلوے اسٹیشن کے ملازم ستیہ نارائن دیسائی نے کہا کہ وہ ریلوے اسٹیشن کو کسی دوسرے رنگ میں رنگنے پر بات کریں گے اور پھر کوئی فیصلہ لیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔