مدھیہ پردیش میں پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس کم کیا جائے: کمل ناتھ

سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے مدھیہ پردیش حکومت سے پٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ ویٹ اور سیس کی وجہ سے ریاست میں ایندھن کی قیمتیں دیگر ریاستوں سے کہیں زیادہ ہیں

<div class="paragraphs"><p>مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ / آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے ریاستی حکومت سے پٹرول اور ڈیزل پر عائد ٹیکس میں فوری کمی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے عام لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے اور ریاستی حکومت کو عوام کو راحت دینے کے لیے ٹیکس کم کرنا چاہیے۔

کمل ناتھ نے کہا کہ ایک ہفتے کے اندر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ کیا گیا ہے۔ منگل سے پٹرول اور ڈیزل 90 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق حکومت قیمتوں میں اضافے کے لیے بین الاقوامی حالات کو ذمہ دار قرار دے رہی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مدھیہ پردیش میں ایندھن کی مہنگی قیمتوں کی سب سے بڑی وجہ ریاستی حکومت کی جانب سے لگایا گیا بھاری ٹیکس ہے۔


انہوں نے دعویٰ کیا کہ مدھیہ پردیش میں اتر پردیش کے مقابلے پٹرول اوسطاً 13 روپے فی لیٹر اور ڈیزل تقریباً 4 روپے فی لیٹر مہنگا فروخت ہو رہا ہے۔ کمل ناتھ کے مطابق ریاستی حکومت پٹرول پر 29 فیصد ویٹ، ڈھائی روپے اضافی ٹیکس اور ایک فیصد سیس وصول کر رہی ہے، جبکہ ڈیزل پر 19 فیصد ویٹ، ڈیڑھ روپے اضافی ٹیکس اور ایک فیصد سیس لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح عوام پٹرول پر 30 روپے سے زیادہ اور ڈیزل پر 20 روپے سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے پر مجبور ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہی ٹیکسوں کی وجہ سے بھوپال میں پٹرول کی قیمت 110 روپے 75 پیسے اور ڈیزل 95 روپے 91 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ اندور اور جبل پور میں پٹرول 110 روپے 79 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے، جبکہ گوالیار میں اس کی قیمت 110 روپے 69 پیسے اور اجین میں 111 روپے 27 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح اجین میں ڈیزل 96 روپے 40 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے، جبکہ بھوپال، اندور، جبل پور اور گوالیار میں بھی ڈیزل کی قیمتیں 95 روپے فی لیٹر سے اوپر پہنچ چکی ہیں۔


کمل ناتھ نے مطالبہ کیا کہ مدھیہ پردیش حکومت فوری طور پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کم از کم 10 روپے فی لیٹر کی کمی کرے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کم کرنے سے حکومت کو بھی نقصان نہیں ہوگا، کیونکہ ڈیزل مہنگا ہونے کی وجہ سے ٹرک اور بھاری گاڑیاں دیگر ریاستوں سے ایندھن بھروا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سرحدی اضلاع کے لوگ بھی پڑوسی ریاستوں سے پٹرول اور ڈیزل خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں، جس کے باعث مدھیہ پردیش حکومت کو آمدنی کا نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔