کے سی آر کی ہِپ رپلیسمنٹ سرجری کامیاب رہی، بی آر ایس لیڈر نے دی اطلاع

باتھ روم میں گرنے کے بعد بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جہاں ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ ان کا کولہا تبدیل کرنا ہوگا

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے سی آر / آئی اے این ایس
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے سی آر / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

حیدرآباد: تلنگانہ کے سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر کو کولہے میں چوٹ کی وجہ سے جمعرات (7 دسمبر) کی رات ایک پرائیویٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ایراویلی میں اپنی رہائش گاہ پر گرنے سے ان کا فریکچر ہوا جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں کولہے کی تبدیلی کی سرجری کرانے کا مشورہ دیا۔ اب بی آر ایس لیڈر داسوجو شراون نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر کی کولہے کی تبدیلی کی سرجری کامیاب رہی۔

بی آر ایس لیڈر نے کہا، ’’سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر بالکل ٹھیک ہیں اور ہمیں امید ہے کہ انہیں تین دن میں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے میں ڈاکٹروں نے انتہائی سنگین سرجری انجام دی۔ تلنگانہ کی 4 کروڑ کی آبادی اور خدا کے کرم سے آپریشن کامیاب ہوا۔‘‘


اس سے قبل ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ بی آر ایس چیف کے سی آر کی صحت یابی کے عمل میں آٹھ ہفتے لگیں گے۔ کے سی آر کے بیٹے کے ٹی راماراؤ نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا تھا کہ باتھ روم میں گرنے کی وجہ سے کے سی آر کو کولہے کی تبدیلی کی سرجری کرانی پڑے گی۔

اس سے قبل ہسپتال کی جانب سے جاری ہیلتھ بلیٹن میں کہا گیا، ’’سی ٹی اسکین سمیت کئی ٹیسٹوں سے یہ بات سامنے آئی کہ ان کے بائیں کولہے میں فریکچر ہے، لہذا اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ کے سی آر کی صحت کی آرتھوپیڈک ماہر اور جنرل ڈاکٹروں کی ایک ٹیم مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔‘‘


کے سی آر کے دفتر سے بتایا گیا کہ ان کی اہلیہ سوبھاما، بیٹے راماراؤ، بیٹی کویتا اور خاندان کے دیگر افراد ان کے ساتھ ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، مرکزی وزیر اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی سمیت کئی قائدین نے کے سی آر کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔