’اللہ کے 99 ناموں میں سے کسی کا مطلب تشدد نہیں‘، او آئی سی اجلاس سے سشما کا پیغام

ہندوستانی وزیر خارجہ نے او آئی سی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح مذہب اسلام امن کا پیغام دیتا ہے اور اللہ کے 99 ناموں میں سے کسی کے بھی معنی تشدد نہیں، اسی طرح ہر مذہب امن کا درس دیتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا / <a href="https://twitter.com/MEAIndia">@MEAIndia</a>
تصویر سوشل میڈیا / @MEAIndia
user

قومی آوازبیورو

ابوظہبی: ہندوستان نے مذہب کے نام پر دہشت گردی کے جواز کی پاکستان کی منطق کے خلاف جمعہ کو تنظیم اسلامی تعاون (او آئی سی) کے اہم اجلاس میں اپنا ٹھوس موقف پیش کرتے ہوئے رکن مسلم ممالک سے دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے کی پرزور اپیل کی۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی کو ہرگز کسی مذہب کے خلاف لڑائی نہ سمجھا جائے۔

سشما سوراج نے او آئی سی 46 ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان، بنگلہ دیش اور مالدیپ جیسے پڑوسی مملک سے ہندوستان کے تعلقات بہتر ہیں اور ہماری ایک مشترکہ وراثت ہے۔ لیکن اپنی تقریر میں انہوں نے پڑوسی ملک پاکستان کا نام تک نہیں لیا۔ انہوں نے اپنی مکمل تقریر کے دوران دہشت گردی کا معاملہ پُر زور طریقہ سے اٹھایا۔

ہندوستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ مذہب اسلام امن کا مذہب اور اللہ کے 99 ناموں میں سے کسی کے بھی معنی تشدد نہیں ہیں۔ اسی طرح ہر مذہب امن کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر آپ انسانیت کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو دہشت گردوں کو تحفظ اور دولت مہیا کرانے والے ممالک سے کہنا ہوگا کہ وہ ایسی کرتوتوں کو بند کریں۔‘‘

سشما سوراج نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ محض عسکری کارروائی، سفارتکاری اور حکمت عملی سے ممکن نہیں ہے، اس کے لئے ضرورت ہے کہ ملک، مذہب، سماج اور خاندان سبھی دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھائیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی لعنت لوگوں کی زندگی تباہ کررہی ہے اور دنیا کو تباہی کے دہانے پرپہنچا رہی ہے۔ خطے میں عدم استحکام پیدا کررہی ہے اور دنیا کو اس سے خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ ہمارے وزیر اعظم کہتے رہے ہیں کہ یہ انسانی اقدار اور غیر انسانی قوتوں کے درمیان جنگ ہے۔

یہ پہلا موقع ہے جب تنظیم تعاون اسلامی کے اجلاس میں ہندوستان کو مدعو کیا گیا ہے۔ جبکہ پاکستان نے اس بار او آئی سی کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے۔ اس نے متحدہ عرب امارات پر زور دیا تھا کہ ہندوستان کو بطور مہمان خصوصی اس اجلاس میں مدعو نہیں کیا جائے، ہندوستان کو دعوت دینے پر وہ اجلاس کا بائیکاٹ کرے گا۔ مگر او آئی سی نے پاکستان کی پرواہ نہیں کرتے ہوئے ہندوستان کو اس کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی مدعو کیا جس سے ناراض پاکستان نے اس کا بائیکاٹ کر دیا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔