جونپور میں مہاکمبھ جانے والی ڈبل ڈیکر بس حادثے کا شکار، ٹرک سے زوردار ٹکر، 6 افراد جاں بحق، 40 زخمی

جونپور میں مہاکمبھ جا رہی ڈبل ڈیکر بس ٹرک سے ٹکرا گئی، حادثے میں 6 جاں بحق، 40 زخمی۔ بس دہلی سے آ رہی تھی۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا، ڈی ایم نے علاج کی یقین دہانی کرائی

<div class="paragraphs"><p>سڑک حادثہ / یو این آئی</p></div>

سڑک حادثہ / یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے جونپور میں آج صبح ایک خوفناک حادثہ پیش آیا، جہاں مہاکمبھ جانے والی ایک ڈبل ڈیکر بس ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثہ صبح تقریباً پانچ بجے پیش آیا جب عقیدت مندوں سے بھری بس نے چاول سے لدے ٹرک کو پیچھے سے ٹکر مار دی۔ حادثے میں 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 40 دیگر زخمی ہو گئے، جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

یہ حادثہ جونپور کے بدلاپور تھانہ علاقے کے سروکھن پور میں پیش آیا۔ حادثے کے بعد موقع پر کہرام مچ گیا، زخمیوں کی چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ مدد کے لیے پہنچے۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ بس کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہو گیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ یہ بس دہلی کے قرول باغ سے آ رہی تھی اور اس میں سوار عقیدت مند 15 فروری کو دہلی سے روانہ ہوئے تھے، جنہیں 21 فروری کو واپس جانا تھا۔ وہ سب مہاکمبھ میں مقدس اشنان کے لیے جا رہے تھے، لیکن راستے میں خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے۔


بس میں سوار مسافروں نے بتایا کہ حادثے کے وقت وہ سو رہے تھے کہ اچانک ایک زوردار جھٹکا لگا اور وہ آگے کی طرف گر پڑے۔ بس میں تقریباً 54 مسافر سوار تھے جبکہ ڈرائیور کے ساتھ 3 سے 4 دیگر افراد بھی تھے۔ حادثے میں بس ڈرائیور کی بہن بھی جان کی بازی ہار گئی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع مجسٹریٹ دنیش چند دیگر اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ اسپتال پہنچے اور زخمیوں سے ملاقات کی۔ ڈی ایم نے کہا کہ جیسے ہی اطلاع ملی، پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ تمام زخمیوں کا مکمل علاج کرایا جا رہا ہے اور ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔