جنتر منتر مظاہرہ: نئی دہلی میٹرو اسٹیشن بھی اگلے حکم تک بند کرنے کا اعلان، بند میٹرو اسٹیشنوں کی تعداد 18 ہوئی
دہلی میٹرو ریل کارپوریشن (ڈی ایم آر سی) نے نئی دہلی میٹرو اسٹیشن کو اگلے حکم تک بند کر دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، اسٹیشن پر انٹرچینج کی سہولت بھی اب دستیاب نہیں ہوگی۔

دہلی کے جنتر منتر پر طلبا کے احتجاجی مظاہرہ اور طلبا کو ملی کانگریس پارٹی کی زبردست حمایت کے بعد پیدا حالات کو دیکھتے ہوئے ڈی ایم آر سی نے بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ڈی ایم آر سی نے نئی دہلی میٹرو اسٹیشن کو اگلے حکم تک بند کر دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، اسٹیشن پر انٹرچینج کی سہولت بھی اب دستیاب نہیں ہوگی۔ ایسے میں انڈین ریلوے سے سفر کرنے والے مسافروں کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جو لوگ میٹرو کا استعمال کر بہ آسانی نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پہنچ جاتے تھے، ان کے سامنے یہ سوال پیدا ہو گیا ہے کہ آخر وہ اب نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کیسے پہنچیں۔
اس سے قبل دہلی میں 17 میٹرو اسٹیشنوں کو آج صبح سے ہی بند کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ یعنی اب بند کیے گئے میٹرو اسٹیشنوں کی تعداد بڑھ کر 18 ہو گئی ہے۔ کچھ میٹرو اسٹیشنوں پر انٹرچینج کی سہولت دی گئی ہے، اور کچھ پر تو یہ سہولت بھی بند کر دی گئی ہے۔ سبھی میٹرو اسٹیشنوں کو آئندہ حکم تک کے لیے بند کیا گیا ہے، یعنی یہ کب تک کھلے گا، اس بارے میں کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔
دہلی میں کون کون سے میٹرو اسٹیشن بند ہیں؟
لوک کلیان مارگ
راجیو چوک
پٹیل چوک
رام کرشن آشرم مارگ
بارہ کھمبا روڈ
سپریم کورٹ
سیوا تیرتھ
جن پتھ
منڈی ہاؤس
سینٹرل سکریٹریٹ
آئی ٹی او
دہلی گیٹ
اندرا پرستھ
خان مارکیٹ
زور باغ
شیواجی اسٹیڈیم
جھنڈے والان
نئی دہلی میٹرو اسٹیشن
یہ تمام 18 میٹرو اسٹیشن آج صبح 7:30 بجے سے اگلے حکم تک بند رہیں گے۔ تاہم راجیو چوک، منڈی ہاؤس اور سنٹرل سکریٹریٹ میں انٹرچینج کی سہولت دستیاب رہے گی۔ ڈی ایم آر سی نے ایکس پر پوسٹ کر کے یہ معلومات دی ہیں۔
اب نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کیسے پہنچیں؟
اگر میٹرو کا آپشن نہیں ہے تو اب آپ اپنے گھر یا دفتر سے براہ راست نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے لیے اولا، اوبر یا ریپڈو بک کر سکتے ہیں۔ اگر آپ نوئیڈا یا غازی آباد میں رہتے ہیں تو دہلی-نوئیڈا ڈائریکٹ فلائی وے یا رنگ روڈ کا راستہ اختیار کرنے سے آپ کے 30 سے 40 منٹ بچ سکتے ہیں۔ دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن یعنی ڈی ٹی سی کی بسیں بھی پوری دہلی میں چلتی ہیں۔ آپ ڈی ٹی سی یا کلسٹر بس پکڑ کر بھی نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پہنچ سکتے ہیں۔ آپ شیواجی اسٹیڈیم، اجمیری گیٹ یا پہاڑ گنج کی طرف جانے والی بس پکڑیں، کیونکہ یہاں اتر کر آپ پیدل یا ای-رکشا کے ذریعہ ریلوے اسٹیشن پہنچ سکتے ہیں۔
اگر آپ دہلی یا اس کے آس پاس کے کسی ریلوے اسٹیشن، مثلاً حضرت نظام الدین، آنند وہار یا پرانی دہلی ریلوے اسٹیشن کے قریب ہیں تو آپ وہاں سے لوکل مسافر یا ای ایم یو ٹرین لے کر نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پہنچ سکتے ہیں۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
