جموں و کشمیر: رام بن میں کار سے 2 پولیس اہلکاروں کی لاشیں برآمد، پولیس کی تفتیش شروع

پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور موت کی صحیح وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ ان لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیوں کے لیے ضلع اسپتال میں رکھا گیا ہے۔

موت، علامتی تصویر
i

جموں و کشمیر رام بن ضلع کے بٹوٹ میں 22 ستمبر کی شام زیارت موڑ ثناء علاقے سے ایک کار کے اندر 2 پولیس اہلکار بے ہوشی کی حالت میں ملے۔ مقامی لوگوں نے دونوں کو ضلع اسپتال رام بن میں داخل کرایا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ اطلاع کے مطابق متوفی کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل فرید احمد (نمبر 408/آر بی این)، ساکن بھٹی رام بن، اور سلیکشن گریڈ کانسٹیبل (ایس جی سی ٹی) محمد یعقوب (نمبر 309/آر بی این)، ساکن جٹ گلی رام بن کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز (ڈی پی ایل) رام بن میں تعینات تھے۔

پولیس کے مطابق دونوں پولیس اہلکار فیاٹ ویاس کار نمبر جے کے-19/5299 میں بے ہوشی کی حالت میں ملے تھے، جس کے بعد مقامی لوگوں نے فوری طور پر دونوں کو ضلع اسپتال رام بن پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کا پتہ رات تقریباً 8:30 بجے چلا۔ واقعے کے بعد ایس ایس پی رام بن ارون گپتا اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اسپتال میں موجود تھے۔


پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور موت کی صحیح وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ وہیں لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائیوں کے لیے ضلع اسپتال میں رکھا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی صورتحال واضح ہو سکے گی اور موت کی اصل وجہ کا پتہ چلے گا۔ فی الحال پولیس لوگوں سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔ جس کار میں دونوں پولیس اہلکار ملے تھے، اس کار کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔ ادھر اس واقعے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ پولیس نے متوفی کے اہل خانہ کو اطلاع دے دی ہے۔ اطلاع ملتے ہی دونوں خاندانوں میں کہرام مچ گیا ہے۔ اہل خانہ کا رو رو کر برا حال ہے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد دونوں کی لاشیں اہل خانہ کے حوالے کر دی جائیں گی، جس کے بعد آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔