مولانا سید محمد ولی رحمانی کے سانحہ ارتحال پر جمعیۃ علماء ہند کا اظہار رنج و غم

جمعیۃ علماء ہند نے مسلم پرسنل لاء بورڈکے جنرل سکریٹری اور امیر شریعت مارت شرعیہ بہار، جھارکھنڈ و اڈیشہ مولانا سید محمد ولی رحمانی کی وفات حسرت آیات پر گہر ے ر نج و الم کا اظہار کیا ہے

مولانا ولی رحمانی، تصویر آئی اے این ایس
مولانا ولی رحمانی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری و جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود مدنی نے مسلم پرسنل لاء بورڈکے جنرل سکریٹری اور امیر شریعت مارت شرعیہ بہار، جھارکھنڈ و اڈیشہ مولانا سید محمد ولی رحمانی کی وفات حسرت آیات پر گہر ے ر نج و الم کا اظہار کیا ہے۔

مولانا مرحوم دار العلوم دیوبند کے اجل فضلاء میں سے تھے۔ وہ عصر حاضر میں ملت اسلامیہ ہند کے مسائل کو لے کر کافی سنجیدہ اور فکر مند رہتے تھے اور وہ اس سلسلے میں مختلف فورم پرسرگرم تھے۔ تعلیمی میدان میں بھی انھوں نے کئی بڑے کام کیے ہیں۔ وہ مرکزی بہار میں واقع خانقاہ رحمانی مونگیر کے سجادہ نشیں، صاحب نسبت بزرگ اور ہزاروں تشنگان حق کے لیے چشمہ فیض تھے۔


ان کے والد مولانا سید منت اللہ صاحب رحمانی ؒ، شیخ الاسلا م مولانا حسین احمد مدنی ؒکے شاگرد تھے۔ مولانا منت اللہ صاحب ؒ مدنی ؒ سے گہرا تعلق رکھتے تھے اور مدنی ؒ کی ہدایت پر آزادی سے قبل اور بعد جمعیۃ علماء کی تحریکات میں سرگرم کردار ادا کرتے رہے۔

مولانا منصورپوری اور مولانا مدنی صاحبان نے مولانا مرحوم کے انتقال کو ملت اسلامیہ ہند کے لیے بڑا خسارہ بتایا اور کہا کہ اس سے ملی جہدوجہد کے میدان میں خلا پیدا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند اور اس کے خدام اس سانحہ عظیم پر گہرے رنج و الم کا اظہار کرتے ہیں اور اہل خانہ بالخصوص صاحبزادہ سید محمد فہد رحمانی، مولانا سیدمحمد رابع حسنی ندوی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اور امارت شرعیہ بہارو جھارکھنڈ و اڈیشہ کے ذمہ داروں کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں۔دعاء ہے کہ اللہ تعالی حضرت والا کو درجات علیا سے سرفراز فرمائے اور ان کو جنت الفردوس میں مقام اعلی عطا فرمائے اور ان کے لواحقین ومتوسلین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔