جیکلین فرنانڈیز نے سکیش چندرشیکھر کیس میں سرکاری گواہ بننے کی عرضی داخل کی، ای ڈی نے کی مخالفت
اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کے ذریعہ سکیش چندرشیکھر سے منسلک منی لانڈرنگ معاملے میں سرکاری گواہ بننے کا مطالبہ کرنے والی عرضی کی ای ڈی نے مخالفت کی ہے۔

بالی ووڈ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز گزشتہ چند برسوں سے سکیش چندرشیکھر سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں پھنسی ہوئی ہیں۔ اس معاملہ میں کئی بار سماعت ہو چکی ہے، لیکن اب تک یہ کیس حل نہیں ہو سکا ہے۔ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب اس منی لانڈرنگ معاملہ میں جیکلین سے سرکاری گواہ بننے کی اپیل کی گئی تھی، لیکن اداکارہ نے انکار کر دیا تھا۔ اب اداکارہ نے اس کیس میں سرکاری گواہ بننے کی خود ہی پیشکش کر دی ہے۔ اس قدم سے معاملے نے ایک نیا موڑ اختیار کر لیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اداکارہ جیکلین فرنانڈیز کی جانب سے سکیش چندرشیکھر سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں سرکاری گواہ بننے کی درخواست کی ای ڈی نے مخالفت کی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ای ڈی کا ماننا ہے کہ جانچ کے دوران جیکلین فرنانڈیز تعاون نہیں کر رہی تھیں اور ان کا رویہ اطمینان بخش نہیں رہا۔ ای ڈی کا کہنا ہے کہ جانچ کے دوران جیکلین کا رویہ تعاون سے کوسوں دور تھا، کیونکہ انہوں نے پی ایم ایل اے کی دفعہ 50 کے تحت درج اپنے بیانات میں مکمل انکشاف کرنے میں مسلسل ناکامی دکھائی۔
ای ڈی نے منی لانڈرنگ کے اس معاملہ میں کہا کہ جیکلین فرنانڈیز کو سکیش چندرشیکھر کے مجرمانہ پس منظر کی جانکاری تھی۔ اس کے باوجود اداکارہ نے سکیش چندرشیکھر کے ساتھ مسلسل اور باقاعدہ رابطہ برقرار رکھا۔ دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے جیکلین فرنانڈیز کے وکیل کو ای ڈی کے جواب پر اپنا موقف داخل کرنے کے لیے کچھ وقت دیا ہے۔ پٹیالہ ہاؤس کورٹ اب اس معاملے میں اگلی سماعت 12 مئی کو کرے گا۔
ورک فرنٹ کی بات کریں تو جیکلین فرنانڈیز 2025 میں 3 فلموں میں نظر آئی تھیں۔ وہ ’فتح‘، ’ریڈ 2‘ اور ’ہاؤس فل 5‘ جیسی فلموں کا حصہ رہی تھیں۔ ’ریڈ 2‘ فلم نے اچھی خاصی کمائی کی تھی اور ’ہاؤس فل 5‘ کا کلیکشن بھی کافی اچھا رہا تھا۔ لیکن سونو سود کی اداکاری والی ان کی فلم ’فتح‘ کو ناکامی ملی تھی، یعنی فلم فلاپ ثابت ہوئی تھی۔ 2026 کی بات کریں تو وہ ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ فلم کا حصہ ہیں۔ فی الحال اس فلم کی ریلیز کے حوالے سے کچھ بھی واضح نہیں کیا گیا ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
