پاک فوجی سربراہ کو گلے ہی تو لگایا تھا، رافیل ڈیل تو نہیں کر لی، سدھو کا طنز

کرتارپور کوریڈور کے سنگھ بنیاد رکھنے کے موقع پر پہنچے نوجوت سنگھ سدھو نے کہا ’’اس کوریڈور سے امن اور ترقی کی امید ہے، یہ دشمنی کو مٹا دے گا۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لاہور: پاکستان میں 28 نومبر یعنی بدھ کے روز کرتارپور راہداری (کوریڈور) کا سنگ بنیاد رکھا جانا ہے۔ اس خاص موقع پر شامل ہونے کے لئے پنجاب حکومت میں وزیر نوجوت سنگھ سدھو بھی منگل کے روز پاکستان پہنچ گئے۔

لاہور پہنچے کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سدھو نے کہا، ’’کرتارپور کوریڈور دونوں ممالک کے بیچ امن، ترقی اور کاروبار کو فروغ دینے کے لئے امیدوں کا راستہ ہے۔‘‘ علاوہ ازیں انہوں نے رافیل سودے کے حوالہ سے مودی حکومت پر بھی طنز کیا۔

پاکستان کے آرمی چیف کو گلے لگنے کی بات پر سدھو نے کہا، ’’وہ صرف ایک سیکنڈ کے لئے گلے لگے تھے۔ کوئی رافیل ڈیل تو نہیں کر لی۔‘‘ انہوں نے کہا ’’جب دو پنجابی ملتے ہیں تو ایسے ہی گلے ملتے ہیں، پنجاب میں یہ عام بات ہے۔‘‘

میڈیا رپورٹ کے مطابق سدھو نے پریس کانفرنس سے کہا کہ ’’پاکستان آنے سے مجھے کسی مرکزی وزیر یا رہنما نے نہیں روکا کیوںکہ یہ مذہبی معاملہ ہے، بلکہ انہوں نے میری حوصلہ افزائی کی۔‘‘

واگہ سرحد پار کرنے کے موقع پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے سدھو نے تقریب کے لئے مدعو کرنے کے لئے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تین مہینے پہلے عمران خان نے جو بیج بویا تھا وہ اب درخت بن چکا ہے اور میں اس کے لئے پاکستان کے وزیراعظم اور حکام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

سدھو نے کہا کہ کرتارپور کوریڈور امن بحالی کا راستہ یقینی بنائے گا اور اس کے ذریعہ جو خوشی 60 برسوں میں نہیں ملی وہ چھ مہینہ میں آسکتی ہے۔ اس کوریڈور کی وجہ سے دونوں ممالک کے مابین سرحدیں کھل جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ وہ محبت اور امن کا پیغام لے کر آئے ہیں۔ دونوں ممالک میں بڑی تعداد میں فنکار اور کرکٹر ہیں جو ایک دوسرے کو محبت کرتے ہیں اور ہندوستان اور پاکستان کے مابین کرکٹ میچ کھیلے جانے کی ضرورت ہے۔

جیو نیوز کے مطابق سابق کرکٹر سدھو نے کہا کہ مذہب کو سیاست کے نظریہ سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔ وہ بچپن سے ہی عمران خان کے فین رہے ہیں۔

قبل ازیں پاکستان میں کرتارپور کوریڈور کی سنگ بنیاد تقریب میں شامل ہونے کیلئے پنجاب کے شہری ترقیات کے وزیر نوجوت سنگھ سدھو کی قیادت میں ہندوستانی وفد کرتار پور پہنچا۔

ہندوستان میں رہنے والے سکھ عقیدت مندوں کو پاکستان کے کرتارپور صاحب کے درشن کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے بنائے جانے والے کوریڈور کا سنگ بنیاد 28 نومبر کو رکھا جانا ہے۔ ہندوستانی حکومت نے گزشتہ ہفتہ ہی اس کوریڈور کی تعمیر کو منظوری دی ہے۔

کرکٹر سے سیاستداں بنے سدھو کی قیادت میں کرتارپور صاحب پہنچنے والے ہندوستانی نمائندہ وفد میں سدھو کے علاوہ فوڈ پروسیسنگ کی وزیر ہرسمرت کور بادل اور شہری رہائش گاہ کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری شامل ہیں۔ ہندوستانی وفد واگہ سرحد سے پاکستان میں داخل ہوا جہاں پنجاب رینجر کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔

کرتارپورکوریڈور کا سنگ بنیاد بدھ کو عمران خان رکھیں گے۔ اس کوریڈور کے ذریعہ ضلع کے کرتارپور میں گردوارہ صاحب کو ہندوستان میں پنجاب کے گرداس پور ضلع میں واقع ڈیرہ بابا نانک سے جوڑا جائے گا۔ اس کوریڈور کے بن جانے سے سکھ عقیدت مند بغیر ویزا کے کرتارپور صاحب کے درشن کے لئے جاسکیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Nov 2018, 7:09 PM
/* */