شدید سردی سے پریشان لوگوں پر اب بارش کا ستم، دہلی میں 32 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

دہلی سمیت شمالی ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں میں شدید سردی اور ٹھنڈی ہواؤں سے پریشان لوگوں کو اب بارش کا ستم بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے

دہلی میں بارش / آئی اے این ایس
دہلی میں بارش / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: دہلی سمیت شمالی ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں میں شدید سردی اور ٹھنڈی ہواؤں سے پریشان لوگوں کو اب بارش کا ستم بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ دہلی میں اس سال جنوری میں اب تک 69.8 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ اس سے پہلے سال 1995 میں اس مہینے میں اتنی بارش ہوئی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق 195 کے بعد دہلی میں 1989 میں جنوری میں 79.7 ملی میٹر اور اس کے بعد 1995 میں اس مہینے کے برابر بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

دہلی کے علاوہ پنجاب، ہریانہ، مغربی اتر پردیش اور راجستھان میں شدید بارش ہوئی۔ اس کے علاوہ بہار میں بھی بارش ہو رہی ہے۔ بہار کی رجدھانی پٹنہ سمیت ریاست کے بارہ سے زیادہ ضلعوں میں اتوار کی صبح سے رک رک کر بارش شروع ہوگئی ہے۔وہیں،ریاست کے زیادہ تر ضلعوں میں آسمان میں بادل چھائے ہوئے ہیں۔ موسم کے کروٹ بدلنے سے سردی کا ستم جھیل رہے لوگوں کی پریشانی اور بڑھ گئی ہے۔


محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 48 گھنٹے تک ریاست میں اسی طرح کے موسم بنے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وہیں 25 جنوری تک کچھ مقامات پر ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش کے آثار بنے ہوئے ہیں۔ دراصل اس دوران پچھوا اور پروئیا ہوا کے میل سے شدید بارش کے آثار ہیں جبکہ 24 جنوری کےلئے بہار میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے پٹنہ سمیت دیگر ضلعوں میں لوگوں سے احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ اتوار کی صبح پٹنہ، ویشالی، نالندا، نوادا، گوپال گنج سمیت کئی ضلعوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ بارش کا یہ سلسلہ اگلے 48 گھنٹوں یعنی 25 جنوری تک برقرار رہنے کی امید ہے۔ وہیں بارش کے بعد ریاست میں کہرا اور ٹھنڈ کے اثر اور بڑھنے کا امکان ہے۔ خصوصاً اس ماہ کے آخری ہفتے میں ریاست میں سردی کے اثر کے بڑھنے کا امکان ہے۔


ان ریاستوں کے لئے بارش کا الرٹ

دہلی، پنجاب، یوپی، راجستھان اور بہار کے علاوہ اوڈیشا، جنوبی چھتیس گڑھ، ساحلی آندھرا پردیش، شمال مشرقی ہندوستان، انڈمان اور نکوبار جزائر، گجرات کے مشرقی علاقوں، کونکن اور گوا میں ہلکی بارش ممکن ہے۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں ہلکی سے درمیانے درجہ کی بارش کا امکان ہے۔ وہیں، مظفرآباد اور لداخ میں ہلکی بارش کے ساتھ متعدد مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔