گھٹ گھٹ کر کیوں مریں پورے شہر کو اڑا دو، آلودگی پر سپریم کورٹ کا سخت بیان

دہلی حکومت کی جانب سے فضائی آلودگی پر کوئی ٹھوس کارروائی نہ کیے جانے پر سپریم کورٹ نے انتہائی سخت بیان دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے دہلی حکومت سے کہا ہے کہ آپ کو حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

سپریم کورٹ
سپریم کورٹ
user

قومی آوازبیورو

سپریم کورٹ نے پرالی جلانے پر پابندی کے احکام جاری کیے تھے لیکن حکومتوں کے اس کے تئیں سنجیدہ نہ نظر آنے کی وجہ سے سپریم کورٹ آج سخت برہم نظر آیا۔ سپریم کورٹ نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے کہا ہے کہ ’’گھٹ گھٹ کر کیوں مریں؟ دھماکہ خیز اشیاء کے پندرہ بیگ لگا کر شہر کو اڑا دیجیے‘‘۔

سپریم کورٹ نے دہلی حکومت سے کہا کہ آپ کو حکومت میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ عدالت نے ہریانہ اور پنجاب کی حکومتوں کی بھی سخت الفاظ میں تنقید کی ہے اور کہا کہ وہ اپنے اختلافات کو بھلا کر عوام کے مفاد میں کام کریں۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ دس روز کے اندر وہ اسماگ رڈکشن ٹاور پر منصوبہ بنائیں۔


سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کی جانب سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل سے کہا ’’لوگوں کو گیس چیمبر میں رہنے کے لئے کیوں مجبور کیا جا رہا ہے۔ ان سب کے لئے ایک بار میں مرنا بہتر ہے، ایک بار میں پندرہ بیگ لگار کر دھماکہ کر دیں۔ میں حیران ہوں دہلی میں ایک دوسرے کے اوپر الزام لگانے کا دور چل رہا ہے۔‘‘ سپریم کورٹ نے کہا کہ حکومتوں کے رویہ سے اایسا لگتا ہے کہ انہوں نے دہلی والوں کو آلودگی سے مرنے کے لئے چھوڑ دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ دہلی این سی آر میں لوگوں کی عمر کم ہو رہی ہے اور لوگوں کا دم گھٹ رہا ہے۔

واضح رہے اس موقع پر عدالت نے دہلی میں گندے پانی کے مسئلہ کا بھی نوٹس لیا اور کہا کہ دہلی والوں کو صاف پینے کے پانی کا حق ہے اور حکومت کو اس تعلق سے سنجیدہ ہونے کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔