آئی آر سی ٹی سی گھوٹالہ: لالو پرساد کی فیملی پر الزامات طے کرنے کا فیصلہ ملتوی، اب 6 مئی کو ہوگی سماعت
جانچ ایجنسیوں کے مطابق ٹنڈر کے بدلے مبینہ طور پر لالو کی فیملی سے منسلک ایک کمپنی کو زمین یا دیگر معاشی فائدے دیے گئے۔ سی بی آئی کا کہنا ہے کہ اس پورے معاملے میں عہدہ کا غلط استعمال کیا گیا۔

آئی آر سی ٹی سی گھوٹالہ سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں ایک بار پھر سماعت ملتوی ہو گئی ہے۔ اس معاملہ میں لالو پرساد کی فیملی کے خلاف دہلی واقع راؤز ایونیو کورٹ کے ذریعہ جمعرات کو الزامات طے کیے جانے تھے، لیکن اب اس معاملہ میں سماعت کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی ہے۔ عدالت نے اگلی تاریخ 6 مئی کی طے کی ہے۔
اس معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو، ان کے بیٹے تیجسوی یادو، بیوی رابڑی دیوی، بیٹی میسا بھارتی، ہیما یادو اور تیج پرتاپ یادو سمیت کئی لوگوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے۔ جانکاری کے مطابق یہ معاملہ آئی آر سی ٹی سی ہوٹل ٹنڈر گھوٹالہ سے منسلک ہے، جو 2004 سے 2014 کے درمیان ہوا تھا۔ اس وقت لالو پرساد مرکزی حکومت میں وزیر ریل تھے۔
الزام ہے کہ آئی آر سی ٹی سی کے 2 ہوٹلوں کے رکھ رکھاؤ کا ٹنڈر دینے میں اصولوں کی خلاف ورزی کی گئی اور ایک پرائیویٹ کمپنی کو فائدہ پہنچایا گیا۔ جانچ ایجنسیوں کے مطابق اس ٹنڈر کے بدلے مبینہ طور پر لالو کی فیملی سے جڑی ایک کمپنی کو زمین یا دیگر معاشی فائدے دیے گئے۔ سی بی آئی کا کہنا ہے کہ اس پورے معاملے میں عہدہ کا غلط استعمال کیا گیا اور ٹنڈر کے عمل میں بے ضابطگی کی گئی۔
اس معاملہ پر سی بی آئی نے 7 جولائی 2017 کو لالو پرساد یادو، ان کے بیٹے تیجسوی یادو، بیوی رابڑی دیوی سمیت دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ اس کے بعد دہلی، پٹنہ، رانچی اور گروگرام میں ان کے کئی ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کے بعد کئی دستاویزات اور ثبوت ضبط کیے گئے تھے۔ حالانکہ لالو یادو اور ان کی فیملی کی طرف سے ان سبھی الزامات کو مستقل خارج کیا جاتا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ سب ایک سیاسی سازش ہے اور انھیں قصداً پھنسایا جا رہا ہے۔ فی الحال اس کیس میں سبھی کی نظر 6 مئی پر مرکوز ہے، جب عدالت اس بات پر فیصلہ سنائے گی کہ الزامات طے کیے جائیں گے یا نہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔