’امریکی پائلٹ کو پکڑیے، دیے جائیں گے 55 لاکھ روپے‘، جنگی طیارہ ’ایف-15‘ گرانے کے بعد ایران کا اعلان
ایران کے صوبہ ’کہگیلویہ و بویراحمد‘ کے گورنر نے امریکی پائلٹ کو پکڑ کر سونپنے پر 10 ارب تومان یعنی تقریباً 55 لاکھ روپے دینے کی بات کہی ہے۔

ایران نے جمعہ (3 اپریل) کو امریکی ’ایف-15‘ لڑاکا طیارہ کو مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد امریکی پائلٹ ایران کی زمین سے لاپتہ ہو گیا ہے۔ ایران کی فوج اور اسلامی انقلابی گارڈ (آئی آر جی سی) اب اس پائلٹ کی تلاش میں مصروف ہو گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق مقامی انتظامیہ نے لوگوں سے کہا ہے کہ اگر کوئی دشمن کے فوج کو پکڑتا ہے یا مارتا ہے تو اسے انعام دیا جائے گا۔ یہ صورتحال امریکہ کے لیے تشویش میں اضافہ کرنے والی ہے۔ صوبہ کہگیلویہ و بویراحمد کے گورنر نے امریکی پائلٹ کو پکڑ کر سونپنے پر 10 ارب تومان یعنی تقریباً 55 لاکھ روپے دینے کی بات کہی ہے۔
امریکی افسران کے مطابق اس ’ایف-15 ای‘ طیارہ میں 2 پائلٹ سوار تھے۔ ان میں سے ایک کو جمعہ ریسکیو کر لیا گیا، لیکن دوسرے کی تلاش اب بھی جاری ہے۔ اس درمیان ایران نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اس نے ایک اور امریکی طیارہ ’اے-10‘ کو نشانہ بنایا ہے، جو کویت میں جا کر کریش ہو گیا۔ حالانکہ اس کا پائلٹ وقت رہتے باہر نکل گیا اور بچ گیا۔ امریکی افسران کا کہنا ہے کہ جمعہ کو لاپتہ پائلٹ کو تلاش کرنے کے لیے امریکہ نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ اس کے تحت ہیلی کاپٹر اور دوسرے طیارے بھیجے گئے، لیکن ان پر بھی ایران کی جانب سے فائرنگ ہوئی۔ حالانکہ یہ طیارے کسی طرح محفوظ بارہ نکلنے میں کامیاب رہے۔
یہ واقعہ امریکہ کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ 23 سالوں میں یہ پہلی بار ہے جب کسی جنگ میں امریکی لڑاکا طیارہ کو مار گرایا گیا ہے۔ اس سے قبل 2003 میں عراق جنگ کے دوران ایسا ہوا تھا۔ اب ڈر ہے کہ اگر لاپتہ پائلٹ زندہ پکڑا گیا تو اسے یرغمال بنایا جا سکتا ہے، اس کے بعد جنگ مزید سنگین ہو سکتی ہے۔
اس درمیان ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکہ پر طنز کستے ہوئے کہا کہ یہ جنگ اب حکومت کی تبدیلی سے گھٹ کر پائلٹ کی تلاش تک محدود ہو گئی ہے۔ دوسری جانب امریکہ کے اندر بھی اس جنگ کے حوالے سے اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔ کچھ لوگ زمینی حملے کے خلاف ہیں، وہ عراق اور ویتنام کی جنگ کی پرانی غلطیوں کو یاد دلا رہے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق امریکہ نے ہزاروں فوجیوں کو مشرق وسطیٰ میں بھیج دیا ہے، جس کی وجہ سے ’گراؤنڈ آپریشن‘ کا خدشہ بھی بڑھ گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔