واہ سوشاسن بابو شراب بندی کے با وجود شراب پارٹی، بکسر میں کئی افراد کی مشتبہ موت

ضلع مجسٹریٹ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ پہلی نظر میں کیمیکل ملی شراب پینے سے موت کی بات سامنے آرہی ہے ۔ حالانکہ اس معاملے میں انتظامیہ تفتیش میں مصروف ہے۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

Syed Khurram Raza

بہار میں بکسر ضلع کے مرار تھانہ علاقہ میں مشتبہ حالت میں کئی افراد کی موت کے معاملے میں ضلع انتظامیہ نے جانچ شروع کر دی ہے ۔

سرکاری ذرائع نے بتایاکہ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ضلع مجسٹریٹ امن سمیر ، پولیس سپرنٹنڈنٹ نیرج کمار سمیت کئی تھانوں کی پولیس کے علاوہ امتناع منشیات محکمہ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر معاملے کی تفتیش میں مصروف ہوگئی ہیں۔ لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت امساری گاﺅں کے رہنے والے راج نارائن سنگھ کے بیٹے آنند کمار سنگھ (40) ، کامیشور سنگھ کے بیٹے بھیرونگو سنگھ (38) ، ساون مسہر کے بیٹے سکل مسہر (39) ، گوپال سنگھ کے بیٹے منکو سنگھ عرف جتندر سنگھ (40) اور جدو یادو کے بیٹے شیو موہن یادو (50) کے طور پر کی گئی ہے جبکہ کئی دیگر افراد پرائیوٹ اسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔


دریں اثناءضلع مجسٹریٹ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ پہلی نظر میں کیمیکل ملی شراب پینے سے موت کی بات سامنے آرہی ہے ۔ حالانکہ اس معاملے میں انتظامیہ گہرائی سے تفتیش میں مصروف ہے ۔ شراب یہاں کیسے آئی اور کس نے شراب منگائی تمام نکات پر تفتیش کی جارہی ہے ۔

بتایاجاتاہے کہ امساری گاﺅں میں بدھ کی شام تالاب کنارے ایک جھونپڑی میں مبینہ طور پر شراب پارٹی چل رہی تھی ، جس میں گاﺅں کے ہی قریب 12 افراد پارٹی میں شریک ہوئے تھے ۔ رات نوبجے کے بعد کچھ لوگوں کے پیٹ میں درد اور جلن کے بعد طبیعت خراب ہونے لگی ۔ جب معاملہ بگڑنے لگا تو پارٹی میں افرا تفری پھیل گئی اس کی اطلاع اہل خانہ کو ملی اور علاج کیلئے فوری طور پر سب ڈویژنل اسپتال لایا گیا ، اسی دوران تین لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔