ڈاک ٹکٹ کی جعلسازی میں ملوث بین ریاستی گروہ کا پردہ فاش، 5 ملزمین گرفتار، لاکھوں کا سامان ضبط
پولیس کے مطابق اس جعلسازی سے حکومت کو بھاری ریونیو نقصان ہوا ہے۔ معاملے میں ممبئی کے راکیش بند، بہار کے شمس الدین اور شاہد رضا، دہلی کے محمد شہاب الدین اورغازی آباد کے ویریندر پرساد کو گرفتار کیا ہے۔

ہندوستانی محکمہ ڈاک کے نام پرجعلی ڈاک ٹکٹ تیارکرکے انہیں مختلف ریاستوں میں فروخت کرنے والے ایک شاطربین ریاستی گروہ کا پردہ فاش کیا گیا ہے۔ ممبئی کی ایم آراے مارگ پولیس کی اس کارروائی میں ملزمین سے لاکھوں روپے مالیت کے جعلی ڈاک ٹکٹ بھی برآمد کئے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں پولیس افسران نے بتایا کہ 12 ستمبر 2025 کو ممبئی جی پی او کے پوسٹل انسپکٹر آشوتوش جمعدار سنگھ کمار نے ایم آر اے مارگ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی۔ شکایت میں بتایا گیا تھا کہ بازار میں بڑی مقدارمیں مشتبہ ڈاک ٹکٹ گردش کر رہے ہیں۔ پولیس نے تکنیکی تحقیقات کا آغاز کیا اور جی پی او سے معلومات جمع کی گئیں جس میں انکشاف ہوا کہ یہ گروہ بڑے پیمانے پر جعلی ڈاک ٹکٹ چھاپ کر کوریئر کے ذریعے ملک بھر میں سپلائی کر رہا تھا۔
تفتیش کے دوران پولیس کو ملزمین کے بینک کھاتوں میں 7 سے 8 کروڑ روپے کے مشکوک لین دین کا پتہ چلا جس سے معاملہ مزید الجھ گیا۔ تفتیش اور مخبر کی اطلاع کی بنیاد پر یہ بھی انکشاف ہوا کہ اس نیٹ ورک کے اہم آپریٹر دہلی اور اتر پردیش میں چھپے ہوئے تھے۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزمین مسلسل اپنے موبائل نمبر اور لوکیشن تبدیل کر رہے تھے۔
ممبئی پولیس کی ایک ٹیم نے دہلی میں 14 دنوں تک قیام کرکے مخبر سے معلومات اکٹھی کیں اور ملزمین کو گرفتار کرلیا۔ تلاشی کے دوران کل 27,84,200 روپے مالیت کے جعلی ڈاک ٹکٹ ضبط کیے گئے۔ پولیس کے مطابق اس جعلسازی سے حکومت کو بھاری ریونیو نقصان ہوا ہے۔ اس وقت گروہ کے دیگر ارکان اور پورے نیٹ ورک کے بارے میں مکمل تفتیش جاری ہے۔ اس کارروائی میں پولیس نے ممبئی کے راکیش بند، بہار کے شمس الدین غفار اور شاہد رضا، دہلی کے محمد شہاب الدین شیخ اور غازی آباد کے ویریندر پرساد کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس افسران کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ ان افراد نے جعلی ڈاک ٹکٹ کیسے تیار کیے اور کس کے ذریعے بازار میں سپلائی کیے۔ گرفتار ملزمین سے پوچھ گچھ جاری ہے اور گروہ کے دیگر ارکان کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ ممبئی پولیس کی ٹیمیں اتر پردیش، بہار اور دہلی میں مسلسل تلاشی مہم چلا رہی ہیں۔ اس گروہ کا ماسٹر مائنڈ تاحال فرار ہے۔