بی جے پی اقتدار میں ناانصافیاں، ظلم و زیادتیاں شباب پر: اکھلیش

ایس پی سربراہ نے کہا یہ بڑے افسوس اور شرم کی بات ہے کہ جلتی جھونپڑی سے ماں۔بیٹی کی چیخنے کی آوازیں آ رہی تھیں اور موجود افسران وہاں سے فرار ہوگئے۔

اکھلیش یادو، تصویر آئی اے این ایس
اکھلیش یادو، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (ایس پی) سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے حکمراں جماعت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے منگل کو کہا کہ بی جے پی اقتدار میں ناانصافی، مظالم شباب پر ہیں اور اقتدار کے غرور کی آگ نے ایک کنبے کو خاکستر کر دیا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت و انتظامیہ دہشت و ہراسانی کے مظہر بن گئے ہیں۔

آج یہاں جاری بیان میں اکھلیش نے کانپور دیہات میں پیش آئے دلدوز واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میتھا تحصیل کے ایس ڈی ایم، لیکھ پال نے غریب کنبے کا گھر بلڈوزر سے منہدم کر دیا۔ آگ لگنے کی وجہ سے ماں۔بیٹی کی زندہ جل کر موت ہوگئی۔ یہ واقعہ دل دہلانے والا ہے۔ متاثرہ کنبے کے بیٹے نے نام لے کر انتظامیہ کے افسران کو خاطی قرار دیا ہے۔


ایس پی سربراہ نے کہا یہ بڑے افسوس اور شرم کی بات ہے کہ جلتی جھونپڑی سے ماں۔بیٹی کی چیخنے کی آوازیں آ رہی تھیں اور موجود افسران وہاں سے فرار ہوگئے۔ جلتی لاشیں انتظامیہ کی بے شرمی کی کہانی بیاں کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ کنبے سے ملنے جا رہے سماج وادی پارٹی لیڈروں کو روکنا حکومت کی منشی کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے قصوروں کا قتل ہو رہا ہے۔ بی جے پی نے بلڈوزر کو اپنی غیر قانونی طاقت کا مظہر بنا لیا ہے۔ بی جےپی حکومت کے دن بہت تھوڑے رہ گئے ہیں۔ وہیں گنا قیمتوں میں اضافہ نہ کئے جانے پر حکومت پر کسانوں سے دھوکہ دھڑی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے سابق وزیر اعلی نے کہا کہ بی جے پی حکومت لگاتار کسانوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔


اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے گنے کی قیمتوں میں اضافہ نہ کر کے کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے گنے کے اخراجات میں لگاتار اضافہ ہو رہا ہے۔ کسان گنے کی قیمتوں کو بڑھانے کا مطالبہ کر رہا ہے۔ لیکن بی جے پی حکومت بے حس بنی ہوئی ہے۔ اسے کسانوں کی کوئی فکر نہیں ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ گنا کسان کھاد، دوائیں، ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے پرامید تھا کہ گنے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا۔ لیکن حکومت نے گنا کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔ اب جب کہ پیرائی سیشن آخری مرحلے میں ہے تو حکومت نے اعلان کیا ہے کہ گنا قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ پرانی قیمتوں کے مطابق ہی ادائیگی کی جائے گی۔ یہ کسانوں کے ساتھ چھل اور ناانصافی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔