68 مسافروں کو لے کر مدورئی جا رہے انڈیگو طیارہ میں پرواز کے بعد خرابی کا چلا پتہ، کرانی پڑی ایمرجنسی لینڈنگ

چنئی سے مدورئی جا رہے انڈیگو کے مسافر طیارہ میں جمعہ کو پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کا پتہ چلا، جس کے بعد اسے واپس چنئی ایئرپورٹ لوٹنا پڑا۔ طیارہ میں تقریباً 68 مسافر سوار تھے جو بحفاظت اتار لیے گئے۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیگو پرواز / آئی اے این ایس</p></div>

انڈیگو پرواز / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

چنئی سے مدورئی جا رہے انڈیگو کے ایک مسافر طیارہ کی آج اچانک اس وقت چنئی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی، جب پائلٹ نے طیارہ میں تکنیکی خرابی محسوس کی۔ بتایا جا رہا ہے کہ انڈیگو کمپنی کا مسافر طیارہ جمعہ کے روز چنئی سے مدورئی جا رہا تھا۔ پرواز کے دوران تکنیکی خرابی محسوس کی گئی، جس کے بعد اسے واپس چنئی ایئرپورٹ کی طرف لوٹنا پڑا۔ اس واقعہ کی جانکاری ہوائی اڈہ کے افسران کی طرف سے دی گئی ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ تقریباً نصف گھنٹہ کی پرواز کے بعد پائلٹ کو خامی کا پتہ چلا اور اس نے چنئی واپس آنے کی اجازت مانگی۔

موصولہ اطلاع کے مطابق طیارہ میں تقریباً 68 مسافر سوار تھے۔ سبھی مسافر کو طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد چنئی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔ طیارہ میں سوار سبھی مسافر محفوظ بتائے جا رہے ہیں اور امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی انھیں دوسرے طیارہ سے منزل کی طرف روانہ کیا جائے گا۔ انڈیگو کمپنی نے اس واقعہ سے متعلق فی الحال کوئی بیان یا رد عمل جاری نہیں کیا ہے۔


یہ پہلی بار نہیں ہے جب انڈیگو کے کسی مسافر طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی ہو۔ 19 جون کو بھی انڈیگو کے 2 طیاروں نے تکنیکی خرابی کی وجہ سے ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی۔ ان میں سے ایک طیارہ دہلی سے لیہہ جا رہا تھا، اور دوسرے طیارہ نے کولکاتا سے اگرتلہ کے لیے پرواز بھری تھی، لیکن تکنیکی خرابی کی وجہ سے انھیں واپس پرواز والے پوائنٹ کی طرف لوٹنا پڑا۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان میں طیارہ کے اندر تکنیکی خرابی کا معاملہ گزشتہ کچھ دنوں سے لگاتار بڑھ رہا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ طیارہ سے سفر کرنے والے مسافروں کی تشویش میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ احمد آباد طیارہ حادثہ کے بعد طیاروں کے آپریشن میں بہت زیادہ احتیاط کیا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے کئی طیاروں کو تکنیکی خرابی کے سبب ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔