تکنیکی خرابیوں نے بڑھائی مسافروں کی پریشانی، انڈیگو کی چنڈی گڑھ-لکھنؤ پرواز منسوخ
انڈیگو کی چنڈی گڑھ-لکھنؤ فلائٹ تکنیکی خرابی کے باعث منسوخ، حالیہ دنوں میں ایسی متعدد پروازوں میں خلل آیا، ڈی جی سی اے کی نگرانی بڑھنے کی ضرورت

انڈیگو فلائٹ / آئی اے این ایس
چنڈی گڑھ: ملک میں ہوائی سفر کے شعبے کو لے کر تشویش ناک خبریں مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔ انڈیگو کی پروازوں میں تکنیکی خرابیاں بڑھتی جا رہی ہیں، جن کے باعث کئی پروازوں کو یا تو راستے میں ہی موڑنا پڑا ہے یا پھر پرواز سے قبل ہی منسوخ کر دیا گیا۔ تازہ معاملہ انڈیگو کی چنڈی گڑھ سے لکھنؤ جانے والی فلائٹ 6E 146 کا ہے، جسے اتوار کی صبح روانہ ہونا تھا مگر تکنیکی مسائل کی بنا پر منسوخ کر دیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق، یہ پرواز صبح 8:30 بجے چنڈی گڑھ سے لکھنؤ روانہ ہونے والی تھی اور اس میں تقریباً 160 مسافر سوار تھے۔ پرواز سے کچھ ہی وقت قبل اس میں تکنیکی خرابی کی اطلاع ملی، جس کے بعد اسے اڑان بھرنے سے روک دیا گیا۔ اس اچانک فیصلے سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
قابل ذکر ہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب انڈیگو کی پرواز کو تکنیکی مسائل کے باعث منسوخ کیا گیا ہو۔ حال ہی میں 19 جون کو دہلی سے لیہ جانے والی فلائٹ 6E 2006 میں بھی تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، جس کے بعد جہاز کو ایمرجنسی لینڈنگ کے لیے واپس دہلی لانا پڑا۔ اس پرواز میں تقریباً 180 افراد سوار تھے، جنہیں محفوظ طریقے سے واپس دہلی میں اتار لیا گیا۔
اس کے علاوہ، بدھ کے روز بھی انڈیگو کی بھونیشور سے کولکاتا جانے والی فلائٹ 6E 6101 کو بھی پرواز سے قبل منسوخ کر دیا گیا۔ اس کا سبب بھی طیارے میں تکنیکی خرابی ہی بتایا گیا۔
مزید برآں، 2 جون کو رنچی میں ایک اور واقعہ پیش آیا جب انڈیگو کا طیارہ ایک گدھ سے ٹکرا گیا۔ یہ پرواز پٹنہ سے کولکاتا جا رہی تھی اور رنچی کے اوپر تقریباً 3 سے 4 ہزار فٹ کی بلندی پر تھی جب پرندہ اس سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے بعد طیارہ تقریباً 40 منٹ تک فضا میں رہا، جس کے دوران مسافر خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔
تاہم، پائلٹ نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو رنچی کے برسا منڈا ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔ اس پرواز میں تقریباً 175 مسافر سوار تھے۔
یہ سلسلہ وار واقعات نہ صرف انڈیگو کے آپریشنز پر سوالیہ نشان کھڑا کرتے ہیں بلکہ ہوائی سفر کے محفوظ ہونے کے دعوے کو بھی مشکوک بنا دیتے ہیں۔ ڈی جی سی اے کو اس سلسلے میں سخت کارروائی کرنی چاہیے تاکہ مسافروں کا اعتماد بحال ہو سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔